بھارت کی جانب سے 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی جس کے بعد متعدد بالی وڈ اسٹارز نے بھارتی جارحانہ رویہ کی حمایت کی اور جنگ کو ترجیح دی جس میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی خیرسگالی سفیر اور بھارتی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی شامل تھیں۔
ٹوئٹر پر پریانکا چوپڑا نے بھارتی طیاروں کی دراندازی کو فخر قرار دیتے ہوئے جنگ کو ترجیح دینے کا تاثر دیا۔
پریانکا کے اس رویے پر متعدد ٹوئٹر صارفین نے ان کی ٹوئٹ کے جواب پر آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو دونوں ممالک کے درمیان امن قائم کرنے کا پیغام دینا چاہیے نہ کے جنگ کو بڑھاوا دیں کیونکہ آپ یونیسیف کی خیرسگالی سفیر ہیں۔
یہی نہیں سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے انہیں منافق بھی قرار دیا۔
امریکی ویب سائٹ ٹی ایم زی کے مطابق اداکارہ کے خلاف آن لائن درخواست دائر کی جارہی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ’دو جوہری طاقت کے حامل ممالک کے درمیان جنگ صرف تباہی اور موت تک پہنچا سکتی ہے‘۔
درخواست کے مطابق’پریانکا چوپڑا کو یونیسیف کی سفیر ہونے کے طور پر غیر جانبدار اور پُرامن تصور کیا گیا تھا لیکن ان کی ٹوئٹ بھارتی فوج کی حمایت میں تھی جب اُس نے پاکستان کے فضائی حدود پر حملہ کیا تاہم اب وہ یہ ٹائٹل ( یونیسیف کی خیرسگالی سفیر) کی مستحق نہیں رہیں۔
اداکارہ کو نہ صرف پاکستانی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے یونیسیف کی خیرسگالی سفیر کے اعزاز سے برخاست کرنے کی آن لائن درخواست کی جارہی ہے بلکہ امن کے خواہاں غیر ملکی صارف بھی ان کے خلاف درخواست دائر کر رہے ہیں۔