بدھ : 06 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اقلیتوں کے ساتھ سلوک پر اقوام متحدہ نے بھارت کو خبردار کیا ہے[/pullquote]

اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کی سربراہ مشیل باچلیٹ نے بھارت کو اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر خبردار کیا ہے۔ باچلیٹ کے مطابق انہیں بھارت میں اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کو ہراساں کرنے اور نشانہ بنانے کے واقعات کی نشاندہی پر مبنی خبریں ملی ہیں۔ ان کے بقول ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں، جن میں تاریخی طور پر محروم اور نسلی امتیاز کا شکار برادریوں جیسا کہ دلت یا آدیواسیوں کے ساتھ بھی ناروا سلوک کا ذکر کیا گیا ہے۔ باچلیٹ نے مزید کہا کہ تقسیم کرنے والی پالیساں بھارت کی اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔

[pullquote]حماس کو یورپی یونین میں ایک دہشت گرد تنظیم کی شمار کی جائے گی، عدالت[/pullquote]

یورپی یونین میں شدت پسند فلسطینی تنظیم حماس کی ایک دہشت گروہ کی حیثیت برقرار رہے گی۔ یورپی یونین کی عدالت کے ایک فیصلے میں کہا گیا کہ حماس نہ تو ایک ریاست ہے اور نہ ہی اس کے پاس کسی ملک کی حکومت ہے۔ عدالت کے مطابق اس مقدمے کو اس بنیاد پر خارج نہیں کیا جا سکتا کہ کسی دوسرے کے معاملات میں دخل نہیں دیا جانا چاہیے۔ مداخلت کے بین الاقوامی قانون کا اطلاق صرف خود مختار ریاستوں پر ہوتا ہےکسسی تنظیم یا تحریک پر نہیں۔ یورپی یونین نے 2001ء میں حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

[pullquote]یورپ میں چینی سرمایہ کاری میں کمی[/pullquote]

چینی کمپنیوں نے 2017ء کے دوران یورپی کاروباری اداروں کو خریدنے پر کافی کم رقم خرچ کی ہے۔ برلن کے میرک انسٹی ٹیوٹ اور امریکی مشاورتی ادارے ’روڈیم‘ کی ایک جائزے کے مطابق چینی سرمایہ کاری میں تقریباً چالیس فیصد یعنی سترہ ارب یورو کی کمی ہوئی۔ 2014ء کے بعد یہ سب سے کم ترین سرمایہ کاری ہے۔ تاہم اس سلسلے میں جرمنی کو استثنٰی حاصل ہے کیونکہ یہاں پر چینی سرمایہ کاری چار سو ملین کے اضافے کے ساتھ 2.1 ارب یورو رہی۔

[pullquote]شمالی کوریا اپنی میزائل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا[/pullquote]

شمالی کوریا اپنی میزائل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔ جنوبی کوریائی خبر رساں ادارے’یونہاپ‘ کے مطابق شمالی کوریا نے مبینہ طور پر میزائلوں کی ایک تجربہ گاہ کا ایک حصہ دوبارہ سے تعمیر کر لیا ہے۔ گزشتہ برس کم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی ملاقات کے بعد اس تجربہ گاہ کو مسمار کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے شمالی کوریا میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران اناج کی بدترین فصل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 43 فیصد شمالی کوریائی شہریوں کو امداد کی ضرورت ہے۔

[pullquote]جلال آباد میں حملہ، افغان تعمیراتی کمپنی کے 16 اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں ایک دہشت گردانہ حملے کے دوران حملہ آوروں سمیت اکیس افراد ہلاک ہو گئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان آیت اللہ خوگیانی کے مطابق دہشت گردوں نے شہر کے ہوائی اڈے کے قریب ایک تعمیراتی کمپنی کو نشانہ بنایا۔ دو خودکش بمباروں نے تعمیراتی کمپنی کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد تین مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان کے بقول یہ دہشت گردانہ کارروائی مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے سے دن گیارہ بجے تک جاری رہی۔

[pullquote]عراق میں بچوں کو غیر شفاف عدالتی کارروائی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ایج آر ڈبلیو[/pullquote]

ہیومن رائٹس واچ نے عراق میں بچوں کو مشکوک مقدمات میں سنائے جانے والی سزاؤں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم کے مطابق عراق میں کم عمروں کو اسلامک اسٹیٹ کے ساتھ روابط کے شبے میں متنازعہ عدالتی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ عدالت اپنے فیصلے کمزور شواہد اور تشدد کے ذریعے لیے گئے بیانات کی روشنی میں سناتی ہے۔ ایچ آر ڈبلیو کے مطابق دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے متعدد بچوں کو بھرتی کیا تھا۔ اس تنظیم کے مطابق آئی ایس کے ساتھ روابط کے شبے میں 2018ء کے آخر تک تقریباً پندرہ سو بچے عراقی جیلوں میں قید ہیں۔

[pullquote]ایران میں احتجاجی خواتین کی حامی خاتون وکیل کو دوبارہ سزائے قید[/pullquote]

ایران میں حکومت کی طرف سے لازمی قرار دیے گئے حجاب کے خلاف احتجاج کرنے والی خواتین کی حامی ایک وکیل اور انسانی حقوق کے معروف کارکن نسرین ستودہ کو قصور وار قرار دے دیا گیا ہے۔ اب انہیں کئی برس جیل میں گزارنا ہوں گے۔ نیو یارک میں قائم انسانی حقوق کی ایک تنظیم، ’سینٹر فار ہیومن رائٹس اِن ایران‘ نے بدھ کے روز بتایا کہ نسرین ستودہ اپنی سرگرمیوں کی وجہ سے پہلے بھی تین سال قید کاٹ چکی ہیں اور اب انہیں ان کی غیر موجودگی میں ایک انقلابی عدالت نے ایک نئے مقدمے میں بھی مجرم قرار دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ستودہ کو ریاستی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں قصور وار قرار دے دیا گیا۔ وہ تہران کی ایک جیل میں قید ہیں۔

[pullquote]بریگزٹ مذاکرات کا نیا دور: پہلا دن بے نتیجہ رہا، یورپی ذرائع[/pullquote]

برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج سے متعلق بریگزٹ مذاکرات کے نئے دور کا پہلا دن بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ برسلز میں یورپی ذرائع کے مطابق یورپی یونین اور برطانوی حکومت کے نمائندے کئی نکات پر متفق نہ ہو سکے۔ آج بدھ کو بھی یہ مذاکرات جاری رہیں گے۔ ایک یورپی اہلکار کے مطابق کل منگل کو ہونے والی مشاورت اچھی نہیں رہی تھی۔ برطانوی حکومت کے لیے یورپی یونین سے انخلاء کے بعد آئرلینڈ کے ساتھ سرحد سے متعلق مسائل کو حل کرنا بہت اہم ہے۔ برطانیہ انتیس مارچ کو یورپی یونین سے الگ ہو جائے گا۔

[pullquote]دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں ایمیزون کے سربراہ پہلے نمبر پر[/pullquote]

امریکی جریدے فوربس میگزین کی طرف سے جاری کردہ دنیا کے امیر ترین افراد کی تازہ فہرست میں ای کامرس کمپنی ایمیزون کے سربراہ جیف بیزوس پہلے نمبر پر ہیں۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں ان کی دولت انیس بلین ڈالر کے اضافے کے ساتھ اب ایک سو اکتیس بلین ڈالر ہو گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر امریکا ہی کی ایک اور کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں، جو دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں سات بلین ڈالر کے اضافے کے ساتھ اب تقریباﹰ ستانوے بلین ڈالر کے مالک ہیں۔ تیسرے نمبر پر اٹھاسی سالہ سرمایہ کار وارین بَفیٹ ہیں، جن کی دولت کا اندازہ تقریباﹰ تراسی بلین ڈالر لگایا جاتا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی جیل میں مسلم قیدی نے دو محافظوں کو زخمی کر دیا[/pullquote]

فرانس کے شہر نارمنڈی کی ایک جیل میں ایک شدت پسند مسلم قیدی نے خنجر سے حملہ کرتے ہوئے دو محافظوں کو زخمی کر دیا۔ ملکی وزیر انصاف نیکول بیلوبے نے بتایا کہ یہ قیدی اب بھی حکام کی حراست میں ہے۔ ان کے بقول اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ واقعہ ایک دہشت گردانہ حملے جیسا ہی تھا۔ اس واقعے کے بعد ستائیس سالہ قیدی نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ خود کو جیل ہی کے ایک فیملی روم میں بند کر لیا تھا۔ پولیس کو صورتحال پر قابو پانے میں کئی گھنٹے لگے۔ نارمنڈی کے اس قید خانے کو سخت ترین حفاظتی انتظامات والی جیل کہا جاتا ہے۔

[pullquote]لندن کے مختلف علاقوں میں پولیس کو ’لفافہ بم‘ ملے[/pullquote]

برطانوی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں پولیس کو ’لفافہ بم‘ ملے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق یہ لیٹر بم لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے اور واٹرلو کے ریلوے اسٹیش کے قریب پائے گئے۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ ان پیکٹوں کے اندر پیلے رنگ کے پلاسٹک بیگز میں بارودی مواد رکھا گیا تھا۔ یہ مواد صرف آتشزدگی کی وجہ ہی بن سکتا ہے۔ ان میں سے دو لفافوں پر آئرلینڈ کے ٹکٹ چسپاں تھے۔ لندن کے میئر صادق خان نے عوام سے چوکنا رہنے کی درخواست کی ہے۔

[pullquote]مائیکل بلومبرگ امریکی صدارتی امیدواری کی دوڑ میں حصہ نہیں لیں گے[/pullquote]

امریکی میڈیا ٹائیکون مائیکل بلومبرگ ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے اگلے صدارتی انتخابات کے لیے ممکنہ امیدواری کی دوڑ میں حصہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے انٹرنیٹ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ریبپلکن سیاستدان اور موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرا سکتے ہیں لیکن کئی ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں سے ان کا ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے حتمی صدارتی امیدوار بنایا جانا کافی مشکل ہو گا۔ اگلے برس ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کا امیدوار بننے کی دوڑ میں اب تک چودہ سیاستدان شامل ہو چکے ہیں، جن میں کئی خواتین بھی ہیں۔ بلومبرگ کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے سابق صدر کی ضمانت منظور[/pullquote]

جنوبی کوریا کے سابق صدر لی میونگ باک کی ضمانت منظور ہو گئی ہے۔ سیئول میں ہائی کورٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آج بدھ کو عدالت نے تقریباً ساڑھے آٹھ لاکھ ڈالر کے عوض لی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ سابق صدر نے سخت نگرانی کی شرائط بھی تسلیم کر لی ہیں۔ اس طرح اب انہیں صرف اپنے اہل خانہ اور وکلاء سے ملنے اور ان سے بات چیت کی اجازت ہو گی۔ ان پر اپنے دور صدارت میں سیاستدانوں اور کاروباری افراد سے رشوت لینے کا مقدمہ چل رہا ہے۔ وہ سن دو ہزار آٹھ تا سن دو ہزار تیرہ جنوبی کوریا کے صدر رہے تھے۔

[pullquote]جلال آباد کے ہوائی اڈے کے قریب حملہ، کم از کم چار ہلاکتیں[/pullquote]

مشرقی افغان شہر جلال آباد میں آج بدھ کو شدت پسندوں کے ایک حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔ صوبے ننگرہار کے پولیس سربراہ جنرل غلام ستانکزئی کے مطابق شدت پسندوں نے شہر کے ہوئی اڈے کے قریب ایک تعمیراتی کمپنی کو نشانہ بنایا۔ ان کے بقول کمپنی کے مرکزی دروازے پر پہلے ایک خود کش بم حملہ کیا گیا اور پھر چند مسلح افراد عمارت میں داخل ہو گئے۔ آخری اطلاعات ملنے تک شدت پسندوں اور پولیس کے مابین جھڑپیں جاری تھیں۔ تاحال کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے