قومی اسمبلی نے ضمنی مالیاتی بل 2019 کی منظوری دیدی

قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے شور شرابے اور ہنگامے کے باوجود ضمنی مالیاتی بل 2019 کی منظوری دیدی۔

بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا اور رائے شماری کے دوران اپوزیشن اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔

پارلیمنٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار فنانس بل کو 5 اوور کے میچ کی طرح نمٹایا گیا۔

قبل ازیں اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے فنانس بل پیش کرنے پر اپوزیشن نے شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما اسعد محمود نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرسوں سے قرارداد مذمت پیش کرنا چاہتے ہیں جو آپ پیش نہیں کرنے دے رہے۔

مولانا اسعد محمود نے اسپیکر کی اجازت کے بغیر ہی قرار داد پیش کرنا شروع کر دی جس پر اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ایسے آپ قرارداد پیش نہیں کر سکتے، اس کے لیے پہلے نوٹس دینا پڑتا ہے۔

اسد قیصر نے مولانا اسعد محمود کو قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے مائیک وزیر خزانہ اسد عمر کو دے دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اسد عمر کو فنانس بل پیش کرنے کی اجازت دینے پر اپوزیشن ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اپوزیشن کے احتجاج میں شریک ہوئے۔

اپوزیشن کے شور شرابے میں مالیاتی ترمیمی بل کی منظوری کا عمل شروع ہو گیا۔

اپوزیشن ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے اور فنانس بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

[pullquote]پہلی بار قومی اسمبلی کے اندر باجماعت نماز ادا کی گئی[/pullquote]

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی تاریخ میں آج پہلی بار باجماعت نماز ادا کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔

جے یو آئی کے اراکین کی جانب سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر مولانا اسعد محمود نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے ہی نماز ادا کروا دی۔

مولانا اسعد محمود کی امامت میں جے یو آئی کے علاوہ مسلم لیگ ن کے اراکین نے بھی نماز ادا کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے