’جناح آف پاکستان‘ کے مصنف سٹینلے والپرٹ انتقال کرگئے

واشنگٹن: پاکستان میں ’جناح آف پاکستان‘ کتاب سے شہرت حاصل کرنے والے معروف مصنف سٹینلے والپرٹ 91 ویں برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

سٹینلے والپرٹ کا انتقال امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہوا جہاں انہوں نے اپنی 65 سالہ اہلیہ ڈوروتھی اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

سٹینلے والپرٹ 23 دسمبر 1927 میں پیدا ہوئے اور بچپن ہی سے مطالعے کا شوق رکھتے تھے۔

انہوں نے پینسلوینیا یونیورسٹی سے ‘ساؤتھ ایشیاء اسٹیڈیز’ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی جس کے بعد برصغیر پاک و ہند کے عنوانات پر کتابیں بھی تحریر کیں۔

انہوں نے اپنی زندگی کے 59 برس تعلیمی خدمات کے لیے وقف کیے اس دوران انہوں نے 15 کتابیں لکھیں جن میں چار افسانوی کتابیں بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں ان کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ’جناح آف پاکستان‘ ہے جو 1982 میں تحریر کی گئی تھی۔

یہ کتاب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی کی آپ بیتی ہے جس میں بابائے قوم کی پاکستان کے حصول کے لیے جدوجہد اور ان کی خدمات کو بیان کیا گیا ہے۔

سٹینلے والپرٹ کی لکھی گئی’جناح آف پاکستان‘ بانی پاکستان پر لکھی جانے والی بہترین سوانح حیات میں سے ایک ہے۔

اس کے علاوہ سٹینلے والپرٹ ذوالفقار علی بھٹو کی سوانح حیات بھی تحریر کرچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے