جمعرات : 07 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]موغادیشو میں بم دھماکہ، سات شہريوں کی ہلاکت کی اطلاع[/pullquote]

صومالی دارالحکومت میں ہونے والے ہونے والے ایک حملے میں کم از کم سات شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ ایک کار بم حملہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ایک ایسی چیک پوسٹ کے قریب کھڑی تھی، جو صدارتی محل کے قریب واقع ہے۔ شدت پسند تنظیم الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ الشباب نے اس بم دھماکے میں دس فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

[pullquote]’لیون کے آرچ بشپ نے بچوں کے جنسی زیادتی کے واقعات کی پردہ پوشی کی‘[/pullquote]

فرانسیسی شہر لیون کے کارڈینل فیلیپ باربرے پر جنسی زیادتی کے واقعات کی پردہ پوشی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کارڈینل کے ایک ساتھی پادری نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی اور باربرے نے علم ہونے کے باوجود اس واقعے کو چھپائے رکھا۔ کارڈینل فیلیپ باربرے نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انہیں اس پادری کے ہاتھوں مبینہ طور پر شکار بننے والے بچوں سے ہمدری ہے۔ ان کے بقول وہ پاپائے روم سے ملاقات کر کے انہیں اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ فیلیپ باربرے فرانسیسی شہر لیون کے آرچ بشپ بھی ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب کو منی لانڈرنگ کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز مسترد[/pullquote]

یورپی یونین نے سعودی عرب کو رقوم کی غیر قانونی منتقلی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی مخالفت کی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی کمیشن کی جانب سے سعودی عرب کو منی لانڈرنگ سے متعلق اس بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اٹھائیس رکنی یورپی یونین نے متفقہ طور پر اس تجویز کو رد کر دیا۔ اس سلسلے میں یورپی وزرائے داخلہ آج جمعرات کو برسلز میں ہونے والی بات چیت میں باقاعدہ طور پر اپنے انکار کی وجہ بھی بتا دیں گے۔ اس فہرست میں ایران، پاکستان، ایتھوپیا اور شمالی کوریا جیسے کئی ممالک پہلے ہی شامل ہیں۔

[pullquote]چینی کمپنی ہواوے نے امریکی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا[/pullquote]

چینی کمپنی ہواوے نے امریکی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ہواوے کے مطابق اس مقدمے کا تعلق واشنگٹن انتظامیہ کی جانب سے امریکا کے سرکاری محکموں میں اس کمپنی کی خدمات اور اس کے بنائے ہوئے ساز و سامان کے استعمال پر پابندی سے ہے۔ ہواوے نے مزید بتایا کہ امریکی کانگریس نے اس پابندی کو جائز قرار دینے کے حوالے سے تاحال کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا تعلق کسی مبینہ جاسوسی سے نہیں بلکہ ہواوے کو مسابقت کی دوڑ سے دور رکھنا ہے۔ امریکی حکومت اس چینی ٹیلی کوم کمپنی پر جاسوسی کے الزامات عائد کرتی ہے۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام جموں میں دستی بم حملہ، اٹھارہ افراد زخمی[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے شہر جموں میں جمعرات کو ہوئے ایک دستی بم دھماکے کے نتیجے میں اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے۔ ایک مقامی پولیس افسر کے مطابق یہ گرینیڈ حملہ ایک بس سٹاپ پر کیا گیا۔ اس پولیس اہلکار کے بقول بظاہر یہ دستی بم کہیں دور سے پھینکا گیا تھا اور وہ لڑھکتا ہوا وہاں کھڑی ایک بس کے نیچے جا کر پھٹ گیا۔ تاحال کسی بھی گروہ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]امریکی ڈیموکریٹ سیاستدان فوکس نیوز سے نالاں[/pullquote]

امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کے خلاف ہو گئے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین ٹوم پیریز نے بتایا کہ صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل تمام ڈیموکریٹ سیاستدان یہ چاہتے ہیں کہ ان کے انتخابی مباحثے فوکس نیوز پر نشر نہ کیے جائیں۔ پیریز نے اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فوکس نیوز کے مابین مبینہ ’نامناسب روابط‘ کا ذکر بھی کیا۔ امریکی جریدے ’نیو یارکر‘ نے اپنے ایک اداریے میں فوکس نیوز پر صدر ٹرمپ کی تشہیر کے لیے ایک طرح کا آلہ کار ہونے کا الزام لگایا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بھی اپنے رد عمل میں چند مخصوص نشریاتی اداروں کے بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔

[pullquote]ایرانی ہیکرز کی وجہ سے کئی ملین ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، رپورٹ[/pullquote]

ایرانی ہیکرز کی سرگرمیاں کئی ملین ڈالر کے نقصانات کا باعث بن چکی ہیں۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے ماہرین نے بتایا ہے کہ ایرانی ہیکرز کی مختلف طرح کے سافٹ ویئر کے علاوہ کاروباری اور حکومتی اداروں کو سائبر حملوں کا نشانے بنانے کی کوششیں ان نقصانات کی وجہ بنیں۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران ہزاروں افراد کے کمپیوٹرز اور کم از کم دو سو کاروباری اداروں کے سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا۔ ہیکرز کا نشانہ خاص طور پر تیل اور گیس کمپنیاں، بھاری مشینری بنانے والے یونٹ اور بین الاقوامی ادارے بنے۔

[pullquote]جرمنی میں پناہ گزیوں میں ممکنہ جنگی مجرم، شواہد کی چھان بین نہیں کی گئی[/pullquote]

جرمنی میں مہاجرین کے بحران کے دوران لاکھوں پناہ گزینوں کی آمد کے ساتھ ساتھ ممکنہ جنگی مجرموں کی آمد سے متعلق ہزاروں شواہد کی اب تک چھان بین ہی نہیں کی گئی۔ جرمن روزنامے ’بلڈ‘ کے مطابق یہ بات وفاقی جرمن پارلیمان کو فری ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک رکن کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی جرمن وزارت داخلہ کی طرف سے بتائی گئی۔ دو ہزار چودہ سے لے کر دو ہزار انیس کے آغاز تک مہاجرت اور ترک وطن سے متعلق وفاقی جرمن دفتر کی طرف سے جرائم کی چھان بین کرنے والے وفاقی ادارے بی کے اے اور وفاقی دفتر استغاثہ کو پناہ کے متلاشی قریب پانچ ہزار غیر ملکیوں سے متعلق یہ اطلاعات دی تھیں کہ وہ ممکنہ طور پر جنگی جرائم میں ملوث رہے ہو سکتے تھے۔ ایسے واقعات میں سے صرف ایک سو انتیس کی چھان بین کی گئی تھی۔

[pullquote]سی آئی اے کے ڈرون حملے: ٹرمپ نے شہری ہلاکتوں کی اطلاع کی شرط ختم کر دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس لازمی شرط سے متعلق پالیسی منسوخ کر دی ہے، جس کے تحت ملکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اپنے ڈرون حملوں میں شہری ہلاکتوں کی اطلاع دینے کی پابند تھی۔ یہ شرط ٹرمپ کے پیش رو صدر باراک اوباما نے دو سال پہلے زیادہ شفافیت کے لیے متعارف کرائی تھی، جسے موجودہ صدر نے بدھ کی رات منسوخ کر دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سیاست میں سی آئی اے پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں اور اس اقدام کے بعد اب یہ خفیہ ایجنسی اپنے حملوں میں شہری ہلاکتوں سے متعلق زیادہ رعایت لے سکے گی۔

[pullquote]شمالی کوریا پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، امریکی ایڈمرل[/pullquote]

امریکا نے شمالی کوریا میں ایک عسکری تجربہ گاہ میں سرگرمیاں بحال کیے جانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی فوج کی انڈو پیسیفک کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل فِل ڈیوڈسن نے جمعرات سات مارچ کو کہا کہ شمالی کوریا پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کے بقول کمیونسٹ کوریا پر عائد سمندری پابندیاں پر عمل درآمد کے معاملے پر امریکا خطے کے کئی ممالک کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔ گزشتہ روز ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ شمالی کوریا نے مبینہ طور پر اپنی اس میزائل تجربہ گاہ کے ایک حصے کی دوبارہ تعمیر شروع کر دی ہے، جسے گزشتہ برس منہدم کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]فیس بک کی اپنی چیٹنگ ایپ کو بہتر بنانے کی خواہش، مارک زکربرگ[/pullquote]

فیس بک نے اپنی چیٹنگ ایپلیکیشن کو مزید بہتر بنانے کا اعلان کیا ہے۔ فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے بتایا کہ اس ایپ میں نجی معلومات کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ زکربرگ کے مطابق ان کا ادارہ پیغام رسانی کی اپنی اس سروس میں حفاطتی کوڈنگ بڑھا دینا چاہتا ہے۔ اس طرح خود فیس بک سمیت کسی کو بھی علم نہیں ہو سکے گا کہ صارفین ایک دوسرے کو کیا پیغامات بھیج رہے ہیں۔ فیس بک اپنے صارفین کے کوائف کے تحفظ میں ناکامی اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ کے الزامات کے باعث کافی دباؤ میں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے