ہفتہ : 09 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں طالبان کے اڈوں پر بمباری، نو شہری ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے وسطی صوبے وردک میں افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم نو عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں گزشتہ شب افغان سکیورٹی فورسز کی جانب سے طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کے دوران پیش آئیں۔ مقامی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس آپریشن میں اب تک چھ عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جاری جنگ کے دوران گزشتہ برس سب سے زیادہ شہری ہلاکتیں ہوئیں۔ سن 2018 میں ہلاک ہونے والے افغان شہریوں کی تعداد تین ہزار آٹھ سو چار تھی۔

[pullquote]جمہوریہ کانگو میں ایبولا سینٹر پر حملہ، ایک پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک کانگو کے مشرقی شہر بوتیمبو میں واقع ایک ’ایبولا ٹریٹمنٹ سینٹر‘ پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک ہیلتھ ورکر زخمی ہوگیا۔ زخمی طبی اہلکار کو علاج کے لیے مقامی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ایبولا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج اسی مرکز پر بدھ کے روز بھی ایک مسلح شخص نے حملہ کردیا تھا جس کے بعد یہ سینٹر بند کردیا گیا۔ حکام کے مطابق ہفتے کی صبح چھ بجے جب اس سینٹر کو دوبارہ کھولا گیا تو تیس منٹ بعد ہی فائرنگ شروع ہوگئی۔

[pullquote]جنوبی کوريا نئے ميزائل تجربے ميں مصروف ہوسکتا ہے، اين پی آر[/pullquote]

امريکی نشرياتی ادارے ’اين پی آر‘ کی جانب سے خدشہ ظاہر کيا گيا ہے کہ شمالی کوريا کسی نئے ميزائل کے تجربے يا پھر خلا ميں راکٹ روانہ کرنے کی تياری ميں مصروف ہے۔ سيٹلائٹس کی مدد سے نگرانی کرنے والی ڈيجيٹل گلوب نامی کمپنی کی طرف سے پيونگ يانگ کے قريب صنوم ڈونگ کے مقام کی تصاوير سے ايسے خدشات کو تقويت ملتی ہے۔ ان مقامات پر بائيس فروری کے روز کافی سرگرمياں ديکھی گئیں۔ جنوبی کوريائی رہنما کم جونگ ان اور امريکی صد ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری ملاقات فروری کے اختتام میں ہوئی تھی۔ یہ ملاقات کسی حتمی نتائج تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ تاہم يہ پيش رفت اس ملاقات سے پہلے کی ہے اور اس بارے ميں اطلاع آج بروز ہفتہ دی گئی

[pullquote]افغان پارليمان کا ابتدائی سيشن ملتوی[/pullquote]

افغان پارليمان کے نو منتخب ارکان نے آج بروز ہفتہ نئے سال کی سرگرمياں شروع کرنا تھيں تاہم يہ عمل التواء کا شکار ہو گيا ہے۔ افغانستان میں گزشتہ برس اکتوبر ميں منعقدہ پارليمانی انتخابات کے حتمی نتائج کی اب تک عدم دستيابی اس تاخير کی وجہ ہے۔ اس پر چند اراکين پارليمان نے اعتراضات کا اظہار کيا اور اسی سبب ابتدائی سيشن ملتوی کر ديا گيا۔ صدارتی دفتر کے ترجمان شاہ حسين مرتضاوی کے بقول صدر اشرف غنی تمام نو منتخب ارکان پارليمان کے ساتھ نئے سال کے کاموں کا آغاز کرنا چاہتے ہيں۔ افغانستان ميں اليکشن بيس اکتوبر کو ہوئے تھے ليکن اب تک تينتيس ميں سے صرف اٹھارہ صوبوں سے حتمی نتائج موصول ہو سکے ہيں۔

[pullquote]بھارتی ہائی کمشنر کی پاکستان واپسی آج متوقع[/pullquote]

بھارتی ہائی کمشنر آج بروز ہفتہ پاکستان واپس پہنچ رہے ہيں۔ نئی دہلی ميں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رويش کمار نے یہ بات پريس بريفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے اپنے بيان ميں پاکستان پر زور ديا کہ وہ اپنی سرزمين پر سرگرم دہشت گردوں اور جہادی تنظيموں کے خلاف فيصلہ کن کارروائی کرے۔ رويش کمار نے يہ بھی کہا کہ اسلام آباد حکومت کی جانب سے اس ضمن ميں اٹھائے جانے والے حاليہ اقدامات ناکافی ہيں۔ پلوامہ حملے کے بعد دونوں ملکوں ميں کشيدگی کافی بڑھ گئی تھی اور دونوں نے اپنے اپنے سفير واپس بلا ليے تھے۔ پاکستان اپنے سفير کی بھارت واپسی کا اعلان پہلے ہی کر چکا ہے۔

[pullquote]يورپی پارليمان کے اليکشن: دائيں بازو کی قوتيں پہلے سے مضبوط تر[/pullquote]

مئی ميں ہونے والے يورپی پارليمانی انتخابات ميں انتہائی دائيں بازو کی سياسی جماعتوں کی سيٹيں دگنی ہونے کا امکان ہے۔ جرمن اخبار ’بلڈ‘ نے ہفتے کو ايک جائزے کے نتائج جاری کيے، جس کے مطابق مرکزی سياسی دھارے کے سوشل ڈيموکريٹک اور قدامت پسند گروپوں کی کارکردگی خراب ہونے کے امکانات ہيں۔ پولينڈ، فرانس اور اٹلی سے وابستہ دائيں بازو کی قوتوں کی کارکردگی ميں سب سے نماياں اضافہ ديکھا جا سکتا ہے۔ رائے عامہ کے اس تازہ جائزے ميں يورپی يونين کی چھ رياستوں کے قريب ساڑھے نو ہزار افراد نے شرکت کی اور يہ فروری اور مارچ کے دوران کرايا گيا۔

[pullquote]الجزائر سٹی ميں مظاہرے، متعدد افراد زخمی[/pullquote]

الجزائر کے دارالحکومت ميں سکيورٹی فورسز کی کارروائی میں ايک سو سے زائد مظاہرين زخمی ہو گئے ہيں۔ صدر عبدالعزيز بو تفليقہ کی مخالفت ميں شہری سراپا احتجاج ہيں اور يہ سلسلہ کئی ايام سے جاری ہے۔ ہفتے کو پيش آنے والے واقعے ميں سکيورٹی دستوں نے مشتعل مظاہرين پر آنسوگيس کے شيل برسائے اور ربڑ کی گولياں بھی چلائيں۔ بوتفليقہ علالت کے باوجود پانچویں مرتبہ صدارتی مدت کے خواہاں ہيں۔

[pullquote]وينزويلا ميں سياسی مخالفين کی بڑی ريلياں[/pullquote]

سياسی عدم استحکام کے شکار لاطينی امريکی ملک وينزويلا ميں سياسی مخالفين کی بڑی ريليوں ميں آج بروز ہفتہ ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اپوزيشن رہنما خوان گوآئيڈو، جنہوں نے خود کو قائم مقام صدر قرار دے رکھا ہے اور انہيں پچاس ملکوں کی حمايت بھی حاصل ہے، نے اپنے حاميوں سے سڑکوں پر نکلنے کا کہا۔ اس کے جواب ميں صدر نکولاس مادورو نے بھی اپنے حاميوں کو ريلی نکالنے کا کہا ہے۔ يہ ريلياں دارالحکومت کے علاوہ ملک کے ديگر بڑے شہروں ميں بھی نکالی جائيں گے۔ وينزويلا کو ان دنوں شديد اقتصادی و سياسی بحران کا سامنا ہے۔

[pullquote]شميمہ بيگم کا بچہ شام ميں دم توڑ گيا[/pullquote]

برطانيہ ميں پيدا ہونے والی اور بعد ازاں دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹيٹ کی رکن بننے والی شميمہ بيگم کے نومولود بچے کا شام ميں انتقال ہو گيا ہے۔ سيريئن ڈيموکريٹک فورسز نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ انيس سالہ بيگم غلطی کا احساس ہونے کے بعد واپس برطانيہ جانا چاہتی تھيں تاہم لندن حکومت نے ان کی شہريت پچھلے ہفتے منسوخ کر دی تھی۔ اطلاع ہے کہ ان کا بيٹا نمونيا کی وجہ سے ہلاک ہوا۔ ’داعش کی دلہن‘ کے نام سے مشہور شميمہ بيگم کے ہاں يہ بيٹا پچھلے ماہ ہی پيدا ہوا تھا۔ اس سے قبل بھی ان کے دو بچے بيماری و خوراک کی عدم دستيابی کے سبب ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا، اسرائيلی فوج[/pullquote]

اسرائيلی افواج نے غزہ پٹی ميں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تصديق کر دی ہے۔ اس بارے ميں نو مارچ کو جاری کردہ بيان ميں مطلع کيا گيا ہے کہ غزہ کے شمالی و جنوبی حصوں ميں مختلف ٹھکانوں پر بمباری کی گئی۔ اسرائيلی فوج کے مطابق يہ کارروائی غزہ پٹی سے بارود مواد سے لدے ايک غبارے کو اسرائيلی حدود ميں بھيجے جانے کے رد عمل ميں کی گئی۔ اس تازہ کارروائی کے نتيجے ميں غزہ پٹی ميں کوئی ہلاکت نہيں ہوئی۔ دريں اثناء گزشتہ روز سرحد پر احتجاج کے دوران اسرائيلی افواج کی کارروائی ميں ايک فلسطينی شہری ہلاک اور پينتاليس ديگر زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]پاکستان معلومات چھپا رہا ہے، بھارتی الزام[/pullquote]

بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان صحافیوں کو اس مقام تک رسائی نہیں دے رہا، جسے بھارتی لڑاکا طياروں نے نشانہ بنایا تھا۔ نئی دہلی کا الزام ہے کہ پاکستان کچھ چھپانے کے لیے ایسا کر رہا ہے۔ سلامتی سے متعلق پاکستانی اداروں نے اسی ہفتے جمعرات کے روز خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک ٹیم کو اس پہاڑی پر چڑھنے سے روک دیا تھا جس پر وہ مدرسہ و دیگر عمارتیں واقع ہیں جنہیں بھارتی فضائیہ نے گزشتہ ہفتے بمباری سے تباہ کرنے کا دعوٰی کیا تھا۔ پاکستان حکام کے مطابق سلامتی کے خدشات کی وجہ سے صحافیوں کو پہاڑی پر جانے سے روکا گیا۔

[pullquote]اٹلی اور چين ’بيلٹ اينڈ روڈ‘ منصوبے کو حتمی شکل دينے کی تياری ميں مصروف[/pullquote]

اٹلی چين کے ساتھ سی پيک کی طرز کے ايک ’بيلٹ اينڈ روڈ‘ منصوبے کو حتمی شکل دينے کی تياريوں ميں مصروف ہے۔ اس امر کی تصديق اطالوی وزير اعظم جوزيپے کونٹے نے آج ہفتہ کے روز کی۔ کونٹے نے خارجہ امور سے متعلق ايک تقريب ميں جمعے کی شب کہا کہ اس معاملے ميں احتياط برتنی چاہيے ليکن بلا شبہ يہ ايک بہترين موقع ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول مفاہمت کی ايک يادداشت پر کام جاری ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ ترقی يافتہ ملکوں کے گروپ ’جی سيون‘ کا اٹلی ايسا پہلا رکن ملک ہے، جس نے اس منصوبے کی تائيد کی ہے۔ امریکا، جاپان اور کئی يورپی رياستيں اسے چين کی جانب سے عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش قرار ديتے ہيں۔

[pullquote]ملائيشيا: اسلام اور پيغمبر اسلام کی توہين پر شخص کو دس سال قيد[/pullquote]

ملائيشيا ميں اسلام اور پيغمبر اسلام کے بارے ميں سوشل ميڈيا پر توہين آميز تحرير لکھنے پر ايک شخص کو دس سال سے زائد عرصے کی سزائے قيد سنا دی گئی ہے۔ يہ اس ملک ميں ايسے جرم کے ارتکاب پر دی جانے والی سخت ترين سزا ہے۔ پوليس کے انسپکٹر جنرل نے ہفتے کو بتايا کہ مجرم پر دس مختلف جرائم ثابت ہوئے۔ دريں اثناء تين ديگر افراد پر بھی اسی طرز کے الزامات ہيں، جن کے مقدموں پر فيصلہ آنے والے دنوں ميں متوقع ہے۔

[pullquote]جاپان: وہيل مچھلی کے کشتی سے ٹکرانے پر متعدد مسافر زخمی[/pullquote]

جاپان ميں مسافروں سے بھری ہوئی ايک بڑی کشتی مبینہ طور پر ايک وہيل مچھلی سے ٹکرا گئی۔اس واقعے میں ستاسی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زخميوں ميں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔ کشتی کے ساتھ يہ حادثہ سمندر ميں اس وقت پيش آيا، جب وہ سادو جزيرے پر پہنچنے ہی والی تھی۔ سمندری وائلڈ لائف کے ايک ماہر نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتايا کہ اس سمندری علاقے ميں وہيل مچھلیاں پائی جاتی ہے۔ کشتی پر 121 افراد سوار تھے اور وہ ساحل تک پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]دنيا کی سب سے عمر رسيدہ فرد ايک جاپانی خاتون، ’گنِس ورلڈ ريکارڈز‘[/pullquote]

’گنِس ورلڈ ريکارڈز‘ نے آج بروز ہفتہ ايک جاپانی خاتون کو دنيا کی سب سے عمر رسيدہ انسان ہونے کا سرٹيفيکيٹ جاری کيا ہے۔ گنِس ورلڈ ريکارڈز نے تصديق کی ہے کہ کانا ٹناکا کی عمر 116 برس اور چھياسٹھ دن ہے۔ انہيں يہ سرٹيفيکيٹ فُوکُواوکا شہر کے ايک نرسنگ ہوم ميں ديا گيا، جہاں وہ رہائش پذير ہيں۔ اس موقع پر ان کے اہل خانہ اور شہر کے ميئر بھی موجود تھے۔ ٹناکا آج بھی رياضی اور اوتھيلو نامی بورڈ گيم کھيلنے کا شوق رکھتی ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے