بے مثال فلاحی، تعلیمی ادارہ

پچھلے کالم میں بے مثال فلاحی، تعلیمی ادارہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے بارے میں چند معلومات آپ کی خدمت میں پیش کی تھیں۔ آج بقیہ معلومات آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں۔سیلانی میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر کی جانب سے بنیادی صحت کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جن کے ذریعے روزانہ سینکڑوں افراد فیضیاب ہو رہے ہیں۔ اس کے مندرجہ ذیل شعبہ جات وغیرہ کام کر رہے ہیں:

1۔شعبہOPD:اس شعبے کے ذریعے آنے والے تمام مریضوں کو جنرل فزیشن چیک کرتے ہیں مزید تشخیص کرکے اگر کسی ماہر فزیشن کی ضرورت ہوتی ہے تو اس کو ریفر کیا جاتا ہے۔

2۔شعبہ کنسلٹنٹ کلینک:شہر بھر کے معروف کنسلٹنٹ اس شعبے میں مریضوں کی مکمل تشخیص کے بعد علاج کرتے ہیں۔3۔شعبہ امراضِ چشم:آنکھوں کی جملہ بیماریوں کے علاج کے لئے اس شعبے میں ماہرین کے زیر نگرانی جدید چشموں کے ذریعے OPDاور آپریشن کی سہولت موجود ہے۔4۔شعبہ امراضِ دندان:دنیا بھر میں سب سے مہنگا علاج دانتوں کا ہے۔ اس علاج پر بعض اوقات ایک مریض پر 50,000تک بھی خرچہ آ جاتا ہے جو کہ سیلانی ویلفیئر ادا کرتا ہے۔

5۔شعبہ گائنی، امراضِ نسواں:امراض نسواں کلینک میں ماہرین لیڈی ڈاکٹر مکمل تشخیص کے بعد مکمل علاج کرتی ہیں۔ زچگی کے متعلق بھی علاج اور دوائیں مفت دی جاتی ہیں اور ڈیلیوری /آپریشن بھی کروائے جاتے ہیں۔6۔شعبہ امراضِ قلب: امراضِ قلب میں مبتلا افراد اس شعبے کے ذریعے مفت دوائیں حاصل کرتے ہیں۔ تشخیص جدید مشینوں کے ذریعے کی جاتی ہے۔ ECG, E.T.Tاور ایکو جیسے ٹیسٹ بھی مفت کئے جاتے ہیں۔

7۔شعبہ امراضِ جگر:ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض میں مبتلا افراد کا مفت علاج غریب اور نادار افراد کے لئے کسی بڑی نعمت سے کم نہیں کیونکہ اس مرض میں مبتلا افراد کے علاج کا تخمینہ 40,000سے 150,000 فی مریض ہے۔ اس موذی مرض سے بچنے کے لئے سیلانی ویلفیئر کے ذریعے ماہانہ 10,000افراد کو فری ویکسی نیشن کی جاتی ہے تاکہ اس مہلک مرض سے بچا جا سکے۔

8۔شعبہ لیبارٹری:بیماریوں کی تشخیص کے لئے پیتھالوجی لیبارٹری کا ہونا ایک اہم ضرورت ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سیلانی میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر میں ایک جدید لیبارٹری قائم کی گئی ہے جس میں کوالیفائیڈ عملہ تشخیصی مراحل سرانجام دیتا ہے۔ تشخیصی مریضوں کے لئے ٹیسٹ مفت کئے جاتے ہیں۔ 9۔شعبہ ایکسرے: ہڈیوں اور دماغ کے امراض کے ایکسرے کے لئے سیلانی میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر میں X-Ray ڈیپارٹمنٹ شروع کر دیا ہے جس میں 500MAکی مشین اور CRسسٹم کے ذریعے ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت ہے۔10۔ویکسی نیشن:موذی بیماریوں سے بچنے کے لئے پیدائش سے لیکر 5سال تک کی عمر کے بچوں کو مفت ٹیکہ لگانے اور ہیپاٹائٹس Bسے بچنے کے لئے بڑوں کے لئے ویکسین لگانے جیسے عظیم کام سیلانی میڈیکل اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر کے مشن میں شامل ہیں۔ اس شعبے میں تربیت یافتہ افراد مقرر کئے گئے ہیں۔ ان شعبہ جات کے علاوہ شہر کے معروف اسپتالوں میں مفت علاج و آپریشن جیسی خدمات بھی سنٹر کا خاصہ ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری اسپتالوں میں 24گھنٹے وہیل چیئر اور اسٹریچرز عملے کے ساتھ خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

سیلانی ہیلتھ کیئر سنٹر:غریب و نادار مریضوں کا علاج بھی VIPانداز میں کیا جاتا ہے۔ اس کے لئے روز اول سے ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔ تجزیاتی بنیادوں پر 2010ء میں شروع کیا گیا سسٹم آج عملی طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے۔ اب ہر مریض کا مکمل ریکارڈ ہمہ وقت سامنے موجود ہوتا ہے اور اسی طرح ہر ڈاکٹر کو مربوط ڈیٹا بیس سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ وہ جدید انداز میں مریضوں کی تشخیص کا اسی نظام میں اندراج کر سکے۔ ماہر تیکنیکی عملہ، ڈاکٹر حضرات کو کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس تک مکمل رسائی سے نہ صرف یہ کہ مریضوں کو رجسٹریشن ٹوکن کے حصول سے لیکر علاج تک کے تمام مراحل میں بے انتہا آسانی ہوئی ہے۔سیلانی تھیلیسیمیا اور بلڈ بینک سنٹر:کراچی کے علاقے گلشن میں ایک جدید ترین طرز پر بلڈ بینک اور تھیلیسیمیا سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ جس میں مستحق تھیلیسیمیا کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ اب تک تقریباً 200تھیلیسیمیا کے بچے رجسٹرڈ ہیں ایک بچے کا ماہانہ خرچ تقریباً 20ہزار روپے ہے۔

SMITپروگرام:سیلانی ماس آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز 2013ء میں کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی سہولت فی سبیل اللہ فراہم کرنا ہے۔ آج سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے SMITپروگرام سے ہر شخص متعارف ہے۔ ادارے کا مشن ہے کہ ایک لاکھ سے زائد افراد کو اس ٹیکنالوجی میں ماہر بنایا جائے جس سے پاکستان کی معیشت میں سالانہ تقریباً 10بلین ڈالرز کا اضافہ ہو گا۔ آج اس پروگرام میں 4000سے زائد طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت طلبہ کو JAVASCRIPT, REACTNATIVE, Android App, IOS Development, Artificial Intelligence, Cloud Computingاور دیگر ٹیکنالوجیز پڑھائی جاتی ہیں۔ ان تمام کورسز کو پڑھانے اور سرٹیفیکیشن کیلئے GERRY’S, CISCO, MICROSOFTاور SDCبحیثیت پارٹنر شامل ہیں۔ سیلانی ماس آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کو 2018ء کے آغاز میں CISCOکی جانب سے Fastest Growing Instituteکا ایوارڈ دیا گیا۔

Upworkویب سائٹ ایسی ویب سائٹ ہے جہاں پر لوگ فری لانس کام کرکے اپنے گھر بیٹھے پیسے کماتے ہیں اس سال ویب سائٹ کی طرف سے جاری ہونے والی ٹاپ ری ایکٹ نیٹو ڈویلپرز کی فہرست میں SMITسے سند یافتہ دو طلبہ محمد زین اور کاشف سلیمان فرسٹ پوزیشن پر ہیں۔ جبکہ دیگر طلبہ بھی Upworkاور دیگر فری لانس ویب سائٹس کے ذریعے ماہانہ ہزاروں ڈالرز کما کر اپنے پیروں پر کھڑے ہو چکے ہیں۔ حال ہی میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایک پروگرام PIAICشروع کیا جس میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ بحیثیت اسٹرٹیجک پارٹنر شامل ہے۔ اس پروگرام کا آغاز 2018ء کے آخر میں کیا گیا۔

یہ پروگرام پورے پاکستان میں پڑھایا جائے گا۔ جس کا پہلا بیج کراچی میں شروع کیا گیا۔ پہلے بیج میں تقریباً 30,000سے زائد بچوں نے اپنی رجسٹریشن کروائی جن کا انٹری ٹیسٹ عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کیا گیا۔ 20جنوری 2019ء کو عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں ایک عجیب سماں تھا، اس ٹیسٹ میں ڈاکٹر عارف علوی (صدرِ پاکستان) نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اس کے علاوہ تقریب میں ڈاکٹر خالد مقبول (فیڈرل منسٹر آف انفارمیشن ٹیکنالوجی) اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔ PIAICپروگرام میں اس وقت تین پروگرام آرٹیفیشل انٹیلی جنس، کلائوڈ کمپیوٹنگ، بلاک چین پڑھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دیگر پروگرام بھی مستقبل میں ان طلبا و طالبات کو پڑھائے جائیں گے۔

یہ سب فراخ دل پاکستانیوں کے تعاون سے ہی ممکن ہوا۔ آئیں سیلانی ٹرسٹ کے ساتھ ملک کی معیشت اور قوم کی صحت کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے