نواز اور زرداری کے گھر والوں سے پوچھیں تو وہ بھی انہیں کرپٹ ہی کہیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے گھر والوں سے پوچھیں تو وہ بھی انہیں کرپٹ ہی کہیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جائز مقدمات کے باوجود سیاسی انتقام کی باتیں کرنے والے عوام کو بے وقوف نہ سمجھیں، اربوں روپے چوری کر کے باہر لے گئے، رقم واپس مانگو تو کہتے ہیں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف جائز مقدمات میں سزا پانے کے بعد بھی لوگوں کو بیوقوف سمجھتے ہیں،عمران خان کی نواز شریف اور زرداری سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب عمران خان کرکٹ اسٹار تھے تو نواز شریف مہنگی مہنگی گاڑیوں میں انہیں لینے آتے تھے۔

کالعدم تنظیموں کو غیر مسلح کیا جائے گا، وزیر اطلاعات
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں کالعدم جماعتوں کے حوالے سے 3 نکاتی حکمت عملی ترتیب دے دی، کالعدم تنظیموں کو غیر مسلح کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کالعدم تنظیموں سے وابستہ کارندوں کو لاتعلقی پر قرضے اور نوکریاں دیں گے، تیسرے مرحلے میں انہیں قومی و سیاسی دھارے میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کےساتھ مذاکرات اچھے جا رہے ہیں، توقع ہے کابل میں کثیر الجماعتی مستحکم حکومت بنے گی۔

میڈیا انڈسٹری کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی اخبارات اور نیوز چینلز کو پاکستان میں واپس لا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملٹری کورٹس کی توسیع کے معاملے پر شاہ محمود قریشی پالیمانی رہنماؤں سے مشاورت کر رہے ہیں، بلاول بھٹو کی نواز شریف کوسندھ میں علاج کرانے کی پیشکش مذاق ہے، نواز شریف دل کے مریض ہیں ان سے ایسا مذاق نہیں کرنا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے بلاول بھٹو کی جانب سے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات پر کہا کہ بلاول بھٹو کی جیل بھرو تحریک کا خیر مقدم کرتے ہیں، زرداری صاحب سندھ میں جیسی حکومت چلا رہے ہیں لگتا ہے سب جیل جائیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جیل انتظامیہ سے بات کی ہے وہ کہتے ہیں کہ ایک بیرک سے زیادہ کی ضرورت نہیں پڑے گی،اپوزیشن کو ہم نے کرپشن پر گردن سے دبوچا ہوا ہے، عمران خان کی نواز شریف اور آصف زرداری سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی عدالتی اہلکار ہمارے زیر اثر نہیں ہے، نوازشریف اور زرداری کا مفاد ایک دوسرے سے جڑا ہواہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی عوام کو تقسیم کرکے فاشسٹ سیاست کررہے ہیں، عمران خان نے کراچی کو لسانی سیاست سے نکال لیا، خیبر سےکراچی تک ایک ہی پارٹی ہے، وہ تحریک انصاف ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو7،8 ماہ ہوگئے، پچھلی حکومت ہوتی تو اب تک 7،8 ارب روپے باہر جاچکے ہوتے، خزانہ بھی پریشان ہے کہ لوٹنےکوئی نہیں آیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے