اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ دیا گیا۔
ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور مہاتیر محمد نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا جب کہ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔
گارڈ آف آنر کے بعد معزز مہمان نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا جس کےبعد عمران خان نے مہاتیر محمد کا کابینہ ارکان سمیت دیگر سینئر حکام سے تعارف کرایا، ملائیشین وزیراعظم نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب کا اپنے وفد سے تعارف کرایا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں وہ یومِ پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے جب کہ ان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدے کیے جائیں گے۔