جمعہ: 29 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاپائے روم کی جانب سے بچوں کے تحفظ کی خاطر ویٹیکن کے لیے جامع قوانین[/pullquote]

پاپائے روم پوپ فرانسس نے جنسی زیادتی کے واقعات کے بعد بچوں کے تحفظ کی خاطر ویٹیکن کے لیے جامع قوانین متعارف کرائے ہیں۔ پاپائے روم کی جانب سے دستخط کیے جانے والے ان دستاویزات کے مطابق یکم جون سے جنسی استحصال کے کسی بھی مشتبہ واقعے کی فوری طور پر اطلاع دی جائے گی۔ ساتھ ہی جرم ثابت ہونے پر متعلقہ شخص کو اس کے عہدے سے برطرف کر دیا جائے گا۔ متاثرہ بچوں کے لیے قائم تنظیم کے ترجمان نے چرچ کے قوانین میں تبدیلیوں کے فقدان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]بوئنگ میکس کی تباہی ، ٹرم سسٹم پر غور کیا جا رہا ہے[/pullquote]

ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارے کی تباہی کے بعد امریکی تفتیشی حکام کی جانب سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔ اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق تفتیشی ماہرین اپنی توجہ ایک خود کار کنٹرول سسٹم پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ایک غیر حتمی اختتامی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس جہاز کے بلیک باکسز سے پتہ چلا ہے کہ حادثے سے کچھ ہی دیر قبل طیارے کا ٹرم سسٹم فعال ہو گیا تھا۔ اس سسٹم کا تعلق ہوائی جہازوں کے انجنوں سے ہوتا ہے اور پرواز کے لیے بلند ہوتے ہوئے یہ نظام کسی بھی طیارے کے سامنے والے حصے کو تھورا سا نیچے کی طرف دبا دیتا ہے۔

[pullquote]مزید چھ ماہ تک جرمن اسلحہ سعودی عرب کو برآمد نہیں کیا جائے گا[/pullquote]

جرمن حکومت نے سعودی عرب کو اسلحے کی ترسیل پر عائد پابندی کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ برلن حکومت کے ترجمان اسٹیفان زائبرٹ کے مطابق پابندی مزید چھ ماہ کے لیے بڑھائی گئی ہے، جو تیس ستمبر 2019 ء تک کے لیے ہے۔ اس بیان میں کہا گیا کہ اس دوران سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کے حوالے سے مزید کوئی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔ جرمن چانسلر انگلیلا میرکل نے گزشتہ برس صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب کو جرمن اسلحے کی برآمدات روک دی تھیں۔

[pullquote]برطانوی پارلیمان بریگزٹ معاہدے کو منظور کر لے، مانفریڈ ویبر[/pullquote]

یورپین پیپلز پارٹی (ای وی پی) کے رہنما مانفریڈ ویبر نے برطانوی پارلیمان سے بریگزٹ معاہدہ منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔ ویبر نے اپنی قدامت پسند جماعت کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین سے انخلاء کا معاہدہ پہلے کی طرح اب بھی ایک بہترین حل ہے۔ مانفریڈ ویبر مئی میں ہونے والے یورپی انتخابات میں اپنے پارٹی کے اہم ترین امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ برطانوی پارلیمان میں آج جمعے کوبرسلز اور لندن کے مابین طے پانے والے معاہدے پر تیسری اور آخری مرتبہ رائے شماری ہو رہی ہے۔

[pullquote]پورپی انتخابات سے قبل فیس بُک میں تبدیلیاں[/pullquote]

سماجی رابطوں کی معروف ترین ویب سائٹ فیس بُک نے یورپی پارلیمان کے انتخابات سے قبل اپنی ویب سائٹ پر سیاسی اشتہار بازی کے حوالے سے ضروری تبدیلیاں کر دی ہیں۔ فیس بُک کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اب فیس بُک پر کوئی بھی سیاسی اشتہار باقاعدہ اشتہارات کے حصے میں موجود ہو گا اور ساتھ ہی یہ اشتہار دینے والے کے بارے میں تفصیلات بھی دستیاب ہوں گی۔ اس ویب سائٹ پر یہ تبدیلیاں حالیہ کچھ عرصے کے دوران مختلف ممالک میں ہونے والے انتخابات کے دوران پیش آنے والے مسائل کے تناظر میں کی گئی ہیں۔

[pullquote]نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی یاد میں تقریب[/pullquote]

نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر ہوئے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں آج جمعے کو ایک سوگوار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ مسلم برادری نے نفرت اور تشدد کے خاتمے کی خاطر اپنے دروازے تمام لوگوں کے لیے کھول دیے ہیں، جس کے لیے وہ شکر گزار ہیں۔ آرڈرن نے اپنے خطاب میں عربی زبان میں مسلم برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر تقریباً بیس ہزار افراد موجود تھے، جن میں مختلف مذاہب کے نمائندے بھی شامل تھے۔ کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں پچاس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]معروف مصری جمہوریت نواز کارکن کی رہائی[/pullquote]

مصر میں جمہوریت کے فروغ کے لیے سرگرم میں معروف کارکن علاء عبدالفتاح کو رہا کر دیا گیا ہے۔ علاء کی بہن نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ پانچ سال قید کے بعد ان کے بھائی کو آج جمعے کو رہائی نصیب ہوئی ہے۔ 37 سالہ اس بلاگر کا شمار 2011ء کے عرب انقلاب کی نمایاں ترین شخصیات میں ہوتا ہے۔ عدالت کے حکم کے مطابق علاء رہائی کے بعد مزید پانچ سالوں تک کسی قسم کی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہیں نومبر 2013ء میں حراست میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے، فرانسیسی قرارداد[/pullquote]

اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو دہشت گردی کی مالی امداد کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ سلامتی کونسل میں منظور کی جانے والی ایک قرارداد کے مطابق جو بھی دہشت گردی کو فروغ دینے میں مالی مدد کرے گا یا کسی بھی طرح کا تعاون کرے گا اسے عدالت میں جوابدہ ہونا پڑے گا۔ اس فرانسیسی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اس قرارداد میں تمام ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ملکی قوانین میں اسے شامل کریں۔ بین الاقوامی قوانین کے مطابق سلامتی کونسل سے منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد لازمی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں بے روزگاری کی شرح میں کمی[/pullquote]

جرمنی میں رواں ماہ کے دوران بے روزگاری کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں بے روزگار افراد کی تعداد میں دو ہزار تین سو کی کمی واقع ہوئی، جو مارچ 1991ء کے بعد کی سب سے کم ترین شرح ہے۔ اس طرح بے روزگاری کی شرح 0.2 کی کمی کے ساتھ 5.1 فیصد ہو گئی ہے۔

[pullquote]چین اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات بحال[/pullquote]

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات آج جمعے سے بحال ہو گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے امریکی ٹیم چین پہنچ گئی ہے جس میں امریکی تجارتی نمائندے رابرٹ لائٹہائزر اور وزیر خزانہ اسٹیون منوچن شامل ہیں۔ چین کی وزارت برائے تجارت کے ترجمان گاؤ فینگ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں کئی ماہ سے جاری تجارتی جنگ کے خاتمے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔ امریکا اب تک اس تجارتی جنگ کے تناظر میں چینی درآمدات پر 250 ارب ڈالرز کی اضافی ڈیوٹی عائد کر چکا ہے جبکہ بدلے میں چین امریکی درآمدات پر 110 بلین ڈالرز کی ڈیوٹیز لاگو کر چکا ہے۔

[pullquote]خوآن گوآئیڈو پر نئی پابندیاں[/pullquote]

وینزویلا کی حکومت نے خود ساختہ صدر خوآن گوآئیڈو پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ کراکس حکام کے مطابق گوآئیڈو اگلے پندرہ برسوں تک کوئی سیاسی عہدہ حاصل نہیں کر سکیں گے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ خوآن گوآئیڈوکارویہ نا مناسب رہا ہے اور انہوں نے غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ مل کر ملکی عوام کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی آمدن کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ بین الاقوامی رابطہ گروپ (آئی سی جی) نے ان پابندیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ملکی عدلیہ کی کمزوریوں کا ایک ثبوت ہے۔

[pullquote]امریکا نے ایران کے خلاف ’انتہائی دباؤ‘ میں اضافہ کر دیا ہے، امریکی اہلکار[/pullquote]

امریکا نے رواں ہفتے کے دوران ایران پر اضافی’انتہائی شدید دباؤ‘ ڈالا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے دہشت گردی اور اقتصادی انٹیلیجنس کی انڈر سیکرٹری سائیگل منڈیلکر Sigal Mandelker نے سنگاپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں ملائیشیا، سنگاپور اور بھارتی حکومتوں کے اہلکاروں سے ملاقاتیں کریں گی اور اس دوران انہیں ایران کے ساتھ روابط سے جڑے خطرات سے آگاہ کریں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے