نیویارک: بھارت کا پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانےکا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہوگیا اور امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی ایف سولہ طیاروں کی گنتی کی گئی وہ تعداد میں پورے ہیں۔
امریکی جریدے فارن پالیسی میگزین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی اہلکاروں کو آ کر ایف 16 طیاروں کی گننےکی پیشکش کی تھی اور امریکی اہلکاروں نے تمام ایف سولہ طیارے پاکستان کے پاس موجود ہونےکی تصدیق کردی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ایف سولہ طیاروں کی تعداد پوری ہے جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہا اور اپنا طیارہ اور پائلٹ کھویا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایف 16 کے معاہدے میں طیارےکسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کی شرط نہیں، یہ یقیناً خام خیالی ہوگی کہ ہم کوئی سامان بیچیں اور وہ جنگ میں پاکستان استعمال نہ کرے۔
یاد رہے کہ بھارت نے 27 فروری کو لائن آف کنٹرول پر پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، ڈاگ فائیٹ میں پاکستانی شاہینوں نے دو بھارتی مگ 21 طیارے مار گرائے تھے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت گرفتار پائلٹ کو بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔