کراچی: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے اور اسٹیٹ بینک نے کہہ دیا ہے کہ روپیہ توازن میں ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب اسد عمر نے کہا کہ روپے کی قدر مارکیٹ سے ہم آہنگ ہوگئی ہے جسے مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا اور اسٹیٹ بینک نے بھی یہ بات کی ہے، افواہیں نہ پھیلائیں اور ڈالر خرید کر پیسہ ضائع نہ کریں۔
اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے بہت مشکل فیصلے کئے ہیں، تبدیلی کو عام طور پر پسند نہیں کیا جاتا ہے اور اس سے تباہی بھی ہوتی ہے تاہم دنیا کے نظام کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، تبدیلی کو مرحلہ وار متعارف کرانا چاہیے، خدا کے واسطے افواہیں پھیلانا چھوڑ دیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شرح تبادلہ کے لیول پر بات نہیں ہوئی، ہمیں اپنے قوانین کو دنیا کے بہترین طریقوں پر منتقل کرنا ہے اور ہمیں سرکاری سوچ سے نکلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ بچتوں کےفروغ میں اپنی صلاحیت سے کم نتائج دے رہی ہے، پاکستان 300 ارب ڈالر کی معیشت ہے اور دنیا کھربوں ڈالر کی مارکیٹ ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کا حجم معاشی نمو کے مقاصد نہیں دے رہی، مارکیٹ ضرورت سے زائد ریگولیٹڈ ہے