کراچی: پاکستان کی باصلاحیت اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری نے پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے ایک گانا جاری کیا ہے جس میں وہ اپنی بہن اسما عباس کے ساتھ پرفارم کرتی نظر آرہی ہیں۔
نامورپاکستانی اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے اورامن قائم کرنے کے لیے گانا ’’ہمسائے ماں جائے‘‘ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی بہن اسما عباس کے ساتھ مل کریہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی صورت میں کس طرح دونوں جانب کے عوام متاثرہوتے ہیں۔
ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے بھارتی اوراسماعباس نے پاکستانی خاتون کا کردار نبھایا ہے جو کچن میں گانا گاتے ہوئے جنگ کے خطرے اورمیڈیا کے کردار کے بارے میں بات کررہی ہیں۔ ویڈیو میں بشری انصاری نے سرحد کے دونوں طرف رہنے والے، ان کروڑوں لوگوں کی ترجمانی کی ہے جو ایک دوسرے کے خلاف کوئی بغض و عناد، کوئی نفرت نہیں رکھتے اور صرف امن چاہتے ہیں، لیکن جنگی جنونیوں نے ان پرامن آوازوں کو وقتی طورپردبا دیا ہے۔
گانے کی شاعری نیلم احمد بشیر نے کی ہے اورہدایت کاری کے فرائض اقبال حسین نے انجام دئیے ہیں جب کہ بشریٰ انصاری نے گانے کو پروڈیوس کیا ہے۔