اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو کسی بھی مس ایڈونچر کی صورت میں سخت وارننگ دی گئی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف جارحیت کا نیا منصوبہ بنارہا ہے اور 16 سے 20 اپریل کے درمیان کارروائی کا خدشہ ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے پاس قابل بھروسہ اطلاعات ہیں کہ بھارت جارحیت کی تیاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بہانے کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسا واقعہ بھی کراسکتا ہے جسے بنیاد بنا کر پاکستان میں جارحیت کی جاسکتی ہے، عالمی برادری بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے۔