’’کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے‘‘

نسلوں سے ’’اپنے حلقے‘‘ کی بنیاد پر سیاست کرنے والے اتوار کے دن ووٹروں کی شادی/غمی والے معاملات سے تعلق جوڑنے میں مصروف رہتے ہیں۔ ہنگامی صورتوں میں بھی ہم صحافیوں کو ان سے رابطہ کرنے میں بہت مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ 24گھنٹے قبل کا اتوار مگراس تناظر میں مجھے غیر معمولی محسوس ہوا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس روز اپنے آبائی شہر ملتان میں تقریباََ دن چڑھتے ہی ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس کے ذریعے قوم اور عالمی برادری کو واضح الفاظ میں خبردار کردیا گیا کہ پاکستان کو ٹھوس ذرائع کی بنیاد پر حاصل ہوئی معلومات عندیہ دے رہی ہیں کہ 16اپریل سے 20اپریل کے درمیان بھارت ہمارے خلاف کسی جارحانہ حملے کی تیاری کررہا ہے۔ یقینی بات ہے کہ ایسا ہوا تو پاکستان کی جانب سے مؤثر جواب آئے گا۔ اس کے بعد کیا ہوگا اس کے بارے میں حتمی رائے دیناناممکن ہے کیونکہ جنگ کی آگ ایک بار بھڑک اُٹھے تو اس پر قابو پانا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔خارجہ امور کے بارے میں کئی برسوں تک رپورٹنگ کرنے کے باعث میں نے پاکستان کے وزیر خارجہ کی مذکورہ پریس کانفرنس کو بہت سنجیدگی سے لیا۔

دو جمع دو چار والے کلیے کو استعمال کرتے ہوئے 16اپریل سے 20اپریل والے عرصے کی اہمیت کو بھارت پہ ان دنوں حاوی انتخابی بخارسے جوڑا۔اپریل کی 11تاریخ سے وہاں پولنگ کا پہلا مرحلہ شروع ہورہا ہے۔ بھارتی لوک سبھا میں نشستوں کی کل تعداد 543ہے۔ ان میں سے اس روز فقط 91حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسرا مرحلہ18اپریل سے شروع ہوگا۔ اس دوران بھارت کے 13صوبوں کے 97حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ ان حلقوں میں مقبوضہ کشمیر کے سری نگر اور اودھم پور بھی شامل ہیں۔

ان دو حلقوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے آپ انتخابی عمل کو ناکام بنانے کے لئے پلوامہ جیسے واقعہ کے امکانات کو اعتماد سے رد نہیں کرسکتے۔ ایسا واقعہ اگر ہوگیا یا جسے False Flagکہا جاتا ہے اس کے اطلاق سے ’’کروا‘‘ دیا گیا تو 16اپریل سے 20اپریل والے ٹائم فریم کی اہمیت کو سمجھا جاسکتا ہے۔پاکستان کے وزیر خارجہ مگر ایک رپورٹر کی طرح فقط امکانات پر انحصار نہیں کرسکتے۔ آج کے دور میں انہیںبرسرِ زمین موجود ذرائع کے علاوہ جدید ترین آلات سے جمع ہوئی اطلاعات بھی میسر ہوتی ہیں۔ ان اطلاعات کا بہت سنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی رائے بنائی جاتی ہے۔

عموماََ ایسے تجزیے برسرِعام نہیں لائے جاتے۔اپنے تجزیے کو آشکار کرتے ہوئے لیکن شاہ محمود قریشی صاحب نے ایک حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو کی طاقت سے مالامال امریکہ جیسے ممالک کو اس امر پر مجبور کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ پاکستان کے بیان کردہ خدشات کا خود کو میسر ذرائع سے اپنے تئیں جائزہ لیں۔ اگر ہمارے خدشات ان کی جانب سے ممکنہ طورپر ہوئے Counter Checkکے مطابق درست ثابت نہ ہوئے تو ہم پر بے بنیاد Panicمچانے کا الزام لگایا جاسکتا ہے۔ میں یہ اصرار کرنے کو لہذا مجبور ہوں کہ ہمارے وزیر خارجہ نے سوبار سوچنے کے بعد ہی 16سے 20اپریل والا ٹائم فریم اپنی قوم کے روبرو ہی نہیں عالمی دنیا کے سامنے رکھا ہوگا۔

اندھی نفرت وعقیدت میں تقسیم ہوئی میری قوم مگر ان پہلوئوں پر توجہ دینے کے قابل نہیں رہی۔سوشل میڈیاپر متحرک کئی افراد بلکہ بضد رہے کہ 16سے 20اپریل کے ٹائم فریم کا ذکر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی صاحب نے درحقیقت تحریک انصاف کی حکومت کی ’’ناقص کارکردگی‘‘ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔ذاتی طورپر مجھے تحریک انصاف کی کامیابی یاناکامی سے کوئی غرض نہیں۔شاہ محمود قریشی صاحب بھی ریمنڈ ڈیوس والے واقعے کے بعد سے اکثر میرے پھکڑپن کا شکار رہے ہیں۔اتوار کے روز ملتان میں ہوئی ان کی پریس کانفرنس کو لیکن میں اس کالم کے آغاز میں بیان کردہ وجوہات کی بنیاد پر سنجیدگی سے لینے کو مجبور ہوں۔اپوزیشن کے چند رہ نمائوں کی اس بات میں یقینا وزن ہے کہ اگر معاملہ واقعی بہت سنگین تھا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ کے پاس اس ضمن میں ٹھوس اطلاعات موجود تھیں تو وہ فی الفور حزب مخالف کی جماعتوں سے رابطہ استوار کرتے۔ سینٹ اور قومی اسمبلی میں خارجہ امور سے مختص کمیٹیاں بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔ ان دونوں کا ایک مشترکہ ہنگامی اجلاس بلایا جاسکتا تھا۔ بہتر ہوتا کہ ملتان میں پریس کانفرنس کے ذریعے 16سے 20اپریل وائے ٹائم فریم کو برسرِ عام لانے سے قبل اسے طے کرنے والی معلومات مجوزہ اجلاس کے روبرو لائی جاتیں۔ ایسا ہوجاتاتو اس اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے وزیر خارجہ مذکورہ کمیٹی کے سرکردہ اراکین کو ساتھ بٹھا کر ایک پریس کانفرنس کے ذریعے مذکورہ ٹائم فریم کو دُنیا کے روبرولاتے عالمی برادری کو اس کی بدولت یہ پیغام مل جاتا کہ ممکنہ بھارتی جارحیت سے نبردآزما ہونے کے لئے حکومت اور حزب اختلاف باہمی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے یکسوویکجا ہے۔

محض Appearances کی منطق کا اطلاق اس ضمن میں قطعاََ درست مگر یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ کو دستیاب معلومات جب سفارتی ذرائع سے اقوام متحدہ کے ’’پانچ بڑوں‘‘ تک پہنچائی گئیں تو ان میں سے فرانس یا امریکہ جیسے ممالک نے انہیں سنجیدگی سے نہیں لیا۔پاکستان کے وزیرخارجہ خود کو میسر معلومات پر اصرار کرنے کے لئے ملتان میں ایک ’’ہنگامی‘‘ دِکھتی پریس کانفرنس سے لہذا خطاب کو مجبور ہوئے۔انتخابی بخار کے تنائو میں حیران کن بات یہ بھی ہے کہ بھارتی میڈیا اور سیاست دانوں نے شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس کو خاص اہمیت نہیں دی۔

اسے Hypeکی صورت نہیں دی گئی۔کئی گھنٹوں کی خاموشی کے بعد بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے محض ایک تحریری بیان دے کر پاکستان پر War Hysteriaبھڑکانے کا الزام لگانے کے بعد چپ سادھ لی گئی۔بھارتی رویے نے مگر میرے خدشات کو تقویت دی۔ ’’کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے‘‘ والی سوچ میں مبتلا ہوگیا۔بے چینی سے منتظر ہوں کہ اقوام متحدہ کے ’’پانچ بڑے‘‘ اور ویٹو کی طاقت رکھنے والے ممالک اس ضمن میں اب کیا رویہ اختیار کرتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے