”بکریالوجی” کا پہلا اوربنیادی سبق

اگر آپ میری طرح موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے بہت خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ اپنا کالا دھن جو آپ نے سخت محنت کر کے کمایا ہے اسے سفید کیا جائے یا پھر آپ اپنے بچوں کو وزیراعظم سکٹریریٹ اور گورنر ہاوسز میں بننے والی یورنیورسٹیوں میں ککڑیالوجی ، کتیالوجی یا بکریالوجی میں اعلیٰ تعلیم دلوانا چاہتے ہیں تو آپکے لئے میرا بلاگ یقینا” مدد گار ثابت ہو گا –

ہم پاکستانی اگرچہ سالوں سے نہ صرف اچھی بری چیزیں بیچنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں بلکہ ایک امریکی عہدے دار نے ہمارے کمانڈو مشرف سے انسپائیر ہو کر ہمارے لئے ہی تاریخی جملہ کہا تھا کہ ” پاکستانی پیسوں کے لئے اپنی ماں تک بیچ دیتے ہیں ” خیر میں اپنے وزیر خزانہ کی طرح گم راہ ہو کر کسی اور طرف نکلنے لگا تھا ، مگر نہیں …… عام پاکستانی بھی کبھی گم راہ ہوا ؟ یہ صفت تو فقط ہمارے خواص کی ہی ہے –

کاروباری دنیا میں آپ بھی میری طرح چیزیں ارزاں نرخوں پر بیچنے اور مہنگے داموں خریدنے کے عادی ہیں تو پھر سوائے اسحاق ڈار کے آپ کو کوئی نہیں بچا سکے گا – میں گزشتہ چند ماہ سے جانور پالنے کے شغل سے وابستہ ہوں جو اگرچہ کاروبار سے زیادہ ضرورت تک ہی محدود ہے مگر معمولات میں شامل ہونے کی وجہ سے اس حوالے سے آپ کو وزیر اعظم کے مشیر نعیم الحق سے بہتر مشورہ دے سکتا ہوں –

آئیے ہم نئی شروع ہونے والی ڈگریوں میں سے بکریالوجی کو ڈسکس کرتے ہیں

گرمی کا موسم شروع ہو چکا ہے لہذا اب جانوروں کے بیٹھنے کے لئے خشک جگہ اور سبز چارے کے مسائل تقریبا ختم ہو جانے ہیں ، ایسے میں اگر آپ اپنے بچے کے دودھ کے لئے بکری خریدنا چاہتے ہیں یا پھر آنے والی قربانی کے لئے اپنے خان صاحب جیسا میں میں کرتا کوئی بکرا خریدنا چاہتے ہیں تو درج ذیل نکات آپ کے لئے فائدہ مند ہوں گے اور اگر آپ خیال نہیں کریں گے تو یقین کریں آپ کی انویسٹ منٹ نہ صرف ضائع ہو جائے گی بلکہ ہاتھ بھی کچھ نہیں آنا اور ہارون رشید ، حسن نثار ، عارف حمید بھٹی ، ڈاکٹر شاہد مسعود اور …. اور …. اچھی اچھی خبریں سننے والوں کی طرح شرمندگی الگ سے ہونی ہے –

* بکری / بکرے کی نسل

نسل سے مراد بکری / بکرے کے ابا جی اور اماں جی کے متعلق جاننا ہے کہ کہیں مالکوں نے انہیں دودھ اور گوشت میں کرپشن کرنے کی وجہ سے گھر سے تو نہیں نکالا ہوا تھا، اب ان کے بیٹے بیٹیاں دودھ گوشت میں تازے تازے ہوئے پھرتے ہوں – لہذا کوشش کریں دودھ کے لئے اعلیٰ نسل بیتل کراس ، ناگری کراس ، مکی چینی کی بکریوں کا انتخاب کریں اور گوشت کے لئے کوئی بھی دوغلی نسل کا قد آور بکرا خریدیں –

*بکری / بکرے کی عمر

اوور ایج بکری ہو یا بکرا وہ کسی کام کے نہیں ہوں گے ، ممکن ہے وہ اپنی عقل فہم سب کچھ کھو چکے ہیں لہذا کوشش کریں کہ نوجوان بکریاں اور کھیرے بکرے ( جس کے دودھ کے دانت موجود ہوں ) خریدیں کیونکہ ایسے بکرے مسلسل اچھی خوراک دینے وزن بڑھاتے ہیں –

*عمومی شکل صورت

کسی بھی بکری بکرے پر انویسٹ منٹ کرتے ہوئے خیال رکھیں کہ وہ شکل سے نشہ کرنے والا نظر نہ آتا ہو – چہرے پر مایوسی سے بننے والی جھریاں نہ ہو ، آنکھوں کی بینائی ہوتے ہوئے بھی اسے اچھا برا نظر آنے میں کوئی دقت نہ ہو ، دانتوں کی پوزیشن بھی ایسی نہ ہو کہ منہ کھلتے ہی صدر ہاؤس میں ہونے والے مشاعرے میں واہ واہ کرتا ڈاکٹر نظر آنے لگے – جانور ( خصوصا نر ) ہر قسم شرعی عیب سے پاک ہو – خیال رہے کہ بکرا خریدتے وقت اس بات کا دھیان رکھیں کہ وہ تھوک کر چاٹنے والے انسانوں کی طرح اپنا پیشاپ پینے کی بیماری میں مبتلا نہ ہو –

*خرید اور قیمت کا تعین

جانور خریدتے وقت اپنی جیب کا خیال کریں ( اگر کوئی چور اچکا مل جائے تو فورا اس سے سودا کریں بس خیال رکھیں کہ بعد میں آپ نے گھر والوں کے سامنے اسے ” نفیس ” قرار دینا ہے – ممکن ہے آپ کو زیادہ منافع اور دودھ کے چکر میں سال سے بھی زیادہ انتظار کرنا پڑ جائے لھذا ایسی قیمت والا جانور خریدیں جسکی ری سیل میں کم از کم نو لاس نو پرافٹ والی سچویشن بن جائے –

گھر لانے کے بعد جانور کے ساتھ سب سے پہلے کیے جانے والا کام اسے کرم کش دوا پلانا ہے اور پھرآہستہ آہستہ اپنے مینیو کے مطابق اس کو خوراک کی طرف لایا جائے – بیماری کی صورت میں دیسی نسخوں کے ساتھ ساتھ مستند ڈاکٹر سے دوا لکھوائی جائے –

دودھ والی بکری کے لئے عام خوراک ( بھوسہ ، چوکر ، کھل بنولہ ، موسمی سبز چارہ ) کے علاوہ وقت پر صاف پانی ، خوردنی نمک ، آدھ پاؤ چنے کی دال دودھ میں بھیگی ہوئی اور مکئی کا دلیہ بہترین ہیں – جبکہ قربانی والے بکرے کے لئے کڑوا تیل دہی ملا کر ، خشک میوہ جات ، دودھ میں بھیگی چنے کی دال اور گندم کے بُھجے ہوئے دانے اس کے وزن کو بڑھانے کے لئے بہترین ہوں گے –

*چند ایک اہم ادویات

کرم کش LEVAWAN سیرپ

نمونیہ کے لئے TYSIN انجیکشن

آنتوں کی سوزش ، گلہ گھوٹو اور زخموں کے لئے OXY FLU انجیکشن

بخار اور عام دردوں کے لئے VETAFENAC PLUS انجیکشن

معدے میں بیکٹریل انفیکشن کے لئے SULPHA DI MIDINE انجیکشن

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے