جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی۔

جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے اپنا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا جو نیب کے تفتیشی افسر اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے داخل کیا۔

نیب کے جواب میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات جاری ہیں، نیب نے قانون کے مطابق دستاویزی شواہد حاصل کیے، آصف زرداری نیب سے تعاون نہیں کر رہے، نیب نے ان کا مؤقف جاننے کے لیے قانون کے مطابق کال اپ نوٹس جاری کیا۔

نیب نے اپنے جواب میں مزید کہا ہےکہ جن انکوائریز میں طلب نہیں کیا گیا، آصف زرداری کو اس متعلق جاننے کا استحقاق نہیں، آصف زرداری کو20 مارچ کو سوالنامہ دیا، 10 دن میں جواب جمع کرانے کا موقع دیا گیا۔

نیب کے تحریری جواب کے مطابق آصف زرداری کی کمپنی نے نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرض حاصل کیا، انہوں نے درخواست ضمانت کے لیے عدالت کو گمراہ کیا اور غلط بیانی کی، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

نیب کی درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ آصف زرداری کے اثر و رسوخ کے باعث شواہد میں ٹیمپرنگ کرنے کا خدشہ ہے لہٰذا ان کی عبوری ضمانت مسترد کی جائے۔

واضح رہےکہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت راولپنڈی کی احتساب عدالت میں چل رہی ہے جب کہ آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے اس مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے