ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر وفاقی کابینہ تقسیم، اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر وفاقی وزراء تقسیم ہو گئے جس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں کرپشن اور منی لانڈرنگ سمیت ایمنسٹی اسکیم کے حوالے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران اثاثہ جات ظاہر کرنے کے حوالے سے ایمنسٹی سکیم پر کابینہ ارکان میں اختلاف رہا۔ کابینہ ارکان نے کہا جس ایمنسٹی اسکیم پر تنقید کرتے رہے اسی کو لایا جا رہا ہے، عوام کو کیا جواب دیں گے؟

اجلاس میں 2 گھنٹے سے زائد وقت ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں اسکیم کے مثبت اور منفی پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسی ایمنسٹی اسکیمیں پی ٹی آئی کے منشور کے خلاف تھیں، اگر اثاثہ جات ظاہر کرنے کی ایمنسٹی اسکیم لانی ہی ہے تو قوم کو اعتماد میں لینا ہو گا کہ اس کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے؟ جب تک پوری کابینہ مطمئن نہیں ہو گی اسے منظور نہیں کریں گے۔

وزیر اعظم نے ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر مزید مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو کابینہ ارکان ایمنسٹی اسکیم میں تجاویز دینا چاہتے ہیں کل اجلاس میں شریک ہوں۔

ایمنیسٹی اسکیم پر کابینہ ارکان کی مزید مشاورت کے لیے اجلاس کل دن دو بجے طلب کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے