ملتان میں ژالہ باری نے تباہی مچادی، ہزاروں ایکڑ پر تیار فصلیں متاثر

ملتان کے نواحی علاقوں میں 15 منٹ کی ژالہ باری نے تباہی مچاتے ہوئے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی تیار فصلیں تباہ کردیں۔

ملتان کے نواحی علاقوں میں تیز بارش اور صرف 15 منٹ کی ژالہ باری سے ہزاروں کاشت کار متاثر ہوگئے ہیں۔

ژالہ باری سے سبزیاں، چارے، مکئی اور گندم کی فصلیں اجڑ گئیں جس کے باعث کاشت کاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

ادھر راجن پور کے مقام کوہِ سلیمان پر بھی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے جس سے سیکڑوں گھر اور ہزاروں ایکڑ پر تیار گندم کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کاہا سلطان کے سیلابی ریلے نے راجن پور میں تباہی مچا دی کوہ سلیمان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان فصلوں کے نقصانات سے آگاہ ہیں، حکومت اور متعلقہ ادارے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری نے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے لاہور، قصور، ملتان اور بہاولپور کے اضلاع کا دورہ کیا ہے۔

وزیر زراعت پنجاب نعمان لنگڑیال کا کہنا ہے کہ 35 ہزار ایکڑ اراضی پر گندم اور مکئی کی فصل کو نقصان پہنچا ہے، متاثرہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کل کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور کا کسانوں سے ہمدردی کا اظہار اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے، حکومتی اہل کاروں میں اتنی جرات نہیں کہ متاثرہ علاقوں میں جاکر کسانوں کی ڈھارس بندھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی حکومت رہی تو وہ وقت دور نہیں جب فاقہ کش کسان اور ورکرز سڑکوں پر ہوں گے، حکومت کو چاہیے کہ وہ موجودہ صورت حال میں کسانوں کو ریلیف دے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے