اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زرداری اور نواز کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ تو کوئی دشمن بھی نہ کرے، اگر ایک فیکٹری پر ڈاکو کو بٹھادیں تو فیکٹری بند ہوجائے گی تو ملک کیسے چل سکتا ہے۔
کوئٹہ میں ‘نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم’ منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپوزیشن جماعتوں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ جب بار بار ڈاکو اقتدار میں آکر بیٹھ جائيں گے تو ملک کیسے چلے گا، چاہے جتنی بھی دیر لگ جائے ان لوگوں کو سزائیں ضرور دلوائيں گے تاکہ آئندہ کوئی الیکشن لڑ کر ملک لوٹنے نہ آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ہر روز نئی چیزیں مل رہی ہیں، یہ اس لیے گھبرائے ہوئے ہیں کہ جلدی سے عمران کی حکومت گراؤ ورنہ یہ جیل چلے جائيں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ‘بدقستمی سے پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کےلئے گھر بنانا مشکل ہوگیا، ایک عام آدمی کی سب سے زیادہ ضرورت اس کے گھر کی چھت ہوتی ہے، اسی بات کے پیش نظر پچاس لاکھ گھروں کا پروگرام بنایا’۔
انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر ان کے لئے ہیں جو خود سے گھر نہیں بناسکتے، ہم نے اس حوالے سے ہاؤسنگ منصوبے کے لیے بہت تیاری کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یورپ میں 80 سے 90 فیصد لوگ گھر بنانے کے لیے بینک سے قرض لیتے ہیں اور پاکستان میں اس کی شرح بہت کم ہے، ہم ایسا قانونی لائیں گے جس کے ذریعے لوگ گھر بنانے کے لیے بینکوں سے آسان شرائط پر قرض لے سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان سرکاری ملازمتوں کی بجائے کاروبار کریں، انہیں کنسٹرکشن کمپنیاں بناکر اپنا کام خود شروع کرنا چاہیے، گھروں کی تعمیر سے چالیس کے قریب صنعتیں چلنا شروع ہوجاتی ہیں اور ملک میں کنسٹرکشن کا بے پناہ کاروبار شروع ہونے والا ہے۔
[pullquote]وزیراعظم کی ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات اور تعزیت [/pullquote]
دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان سے ہزارہ برادری کے وفد نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم نے ہزار گنجی خودکش حملے میں شہید افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، وزیراعظم نے شہید افراد کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت کی دعا بھی کی۔