قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے لندن روانہ

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لیے لندن روانہ ہوگئی۔

جیت کا عزم لیے قومی کرکٹ ٹیم لاہور ائیر پورٹ سے جوش و خروش کے ساتھ لندن روانہ ہوگئی ہے جہاں وہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لیے 17 رکنی ٹیم روانہ ہوئی ہے جس میں فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، سرفراز احمد، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، جنید خان، یاسر شاہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ محمد حسنین، عابد علی، بابر اعظم اور شاہین آفریدی بھی انگلینڈ جانے والوں میں شامل ہیں جب کہ شعیب ملک دبئی سے ٹیم کو جوائن کریں گے

قومی کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو انگلینڈ کے مقامی کلب کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی جس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 مئی کو کھیلا جائے گا۔

ورلڈکپ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی جب کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 16 جون کو ہوگا۔

لندن روانہ ہونے سے قبل کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی ایک نہیں تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں۔

ادھر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سیمی فائنل تک رسائی کو پہلا ٹارگٹ قرار دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے