محفل احباب میں کل رات طنز سے بھرے لیجے میں ایک سوال اچھالا گیا ، پھر قہقہے پھوٹ پڑے ۔ سوال تھا : کیا اب بھی آپ کو عمران خان سے کوئی امید باقی ہے؟ ہم مارگلہ کے پہاڑوں کے اندر ایک کٹیا میں بیٹھے تھے۔ پہاڑ کی اوٹ سے چاند نکل چکا تھا ، پوری وادی چاندنی میں نہائی ہوئی تھی ، آبشار سے پھوٹتی ندی کا پانی موتی کی طرح چمک رہا تھا اور اس کی روانی سے موسیقی پھوٹ رہی تھی ۔ یہ وقت سیاست پر بات کرنے کا تھا ہی نہیں ۔ مختصرا عرض کر دی کہ امید کا دیا ٹمٹما ضرور رہا ہے لیکن ابھی بجھا نہیں۔
ان دلائل کا ذرا جائزہ لے لیجیے جو عمران کی ناکامی کے ثبوت کے طور پیش کیے جا رہے ہیں ۔ یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ عمران نے مشیر خزانہ ایک ایسے آدمی کو کیوں بنا دیا جو پارلیمان کا رکن ہی نہیں؟ اس سوال کا جواب مفتاح اسماعیل ہیں ۔عمران خان تو بیانیے سے محروم ہیں ۔ نواز شریف تو صاحب بصیرت تھے اور جمہوریت کا علم انہی کے دست مبارک میں تھا ۔ سوال یہ ہے انہوں نے غیر منتخب مفتاح اسماعیل کو سرمایہ کاری اور خزانے کے امور کا مشیر کیوں بنایا؟ اسد عمر تو چلیں ناکام ہو گئے تو نیا مشیر لانا پڑا ۔ اسحاق ڈار تو معاشی معاملات میں ید طولی رکھتے تھے ۔ پھر ان جیسے نابغے کے ہوتے ہوئے مفتاح اسماعیل جیسے غیر منتخب آدمی کی کیا ضرورت تھی؟
شاہد خاقان عباسی نے تو مفتاح اسماعیل کووزیر خزانہ بنا لیا تھا اور ایک غیر منتخب شخص نے وزیر خزانہ کے طور پر وفاقی بجٹ پیش کر دیا تھا ؟ اناڑیوں نے تو ایک غیر منتخب شخص کو مشیر خزانہ بنایاہے ، تجربہ کاروں نے تو غیر منتخب شخص کو وفاقی وزیر خزانہ بنالیا تھا۔
عمران نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر فواد چودھری ایل ایل بی کو بنایا ہے۔ یہ اگر عمران کی ناکامی کا اعلان ہے تو آئیے ذرا دیکھ لیتے ہیں نواز شریف نے سائنس ایند ٹیکنالوجی کی وزارت کسے دی تھی ۔ زاہد حامد ایل یل بی کو اور رانا تنویر کو ۔ فواد چودھری ایل ایل بی کا سائنس ایند ٹیکنالوجی سے کوئی تعلق نہیں تو زاہدحامد ایل ایل بی اور رانا تنویر نے مل کر کیا پہلی شٹل خلا میں بھیجی تھی ؟
عمران نے کابینہ میں ذمہ داریاں تبدیل کی ہیں تو قرار دیا جا رہا ہے یہ اس کی بد حواسی اور ناکامی ہے۔ یہ اصول اس وقت کیوں ساقط ہو گیا تھا جب نواز شریف نے زاہد حامد کو پہلے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا ، پھر 2015 میں انہیں ماحولیات کی وزارت دے دی گئی اور2017 میں انہیں وزیر قانون بنا دیا گیا ۔ پرویز رشید کبھی وزیر اطلاعات ہوتے تھے تو کبھی وزیر قانون ، خواجہ آصف کبھی پانی و بجلی کے وزیر ، کبھی وزیر دفاع اور کبھی وزیر خارجہ ، لمبی فہرست ہے مگر مختصر سوال: کیا وہ بد حواسی نہیں تھی؟
عمران خان نے وزارت داخلہ اپنے پاس رکھی تھی ، اب نیا وزیر داخلہ بنا دیا تو کہا جا رہا ہے کپتان سے وزارت داخلہ واپس لے لی گئی اور یوں ثابت ہوا وہ محض ایک مہرہ ہے ۔ سوال یہ ہے کہ جب وزیر خارجہ کو عدالت میں طلب کیا گیا تھا اور نواز شریف د وزیر خارجہ تھے اور طلبی کے بعد راتوں رات خواجہ آصف کو وزیر خارجہ بنا دیا گیا تھا، تو وہ کیا تھا ۔ عزیمت کے اس مبینہ پیکر کو کسی کا مہرہ لکھنا مشکل ہے تو رستم کی طرح بہادر لکھ دیجیے کہ طلبی کے ڈر سے وزارت چھوڑ دی۔
دیگر جماعتوں سے آئے لوگوں کو عمران خان نے ذمہ داری دے دی تو شور مچ گیاکہ وہ ناکام ہو گیا ۔ اب اگر کامیابی اور ناکامی کا معیار یہی ہے تو نواز شریف کیسے کامیاب قرار دیے جا سکتے ہیں ؟ کیا ہم بھول گئے نواز شریف اپنے بیانیے سمیت جب وطن واپس لوٹے اور اصولی سیاست اور جمہوری قدروں کا علم تھاما تو کتنے ’’ لوٹوں‘‘کو ٹکٹ دیے؟ دل تھام لیجیے میرے پاس پوری فہرست پڑی ہے۔ 146 لوگوں کو۔
عمران خان ایک ڈیڑھ درجن ’’ لوٹے‘‘ پارٹی میں شامل کر کے اگر اصولوں سے انحراف کا مجرم قرار پاتا ہے تو نواز شریف بیانیے کی پشت پر 146 لوٹے لاد کر جمہوریت کے محافظ کیسے قرار پاتے ہیں؟ تماشا دیکھیے ان 146 تحفوں کے باوجود نواز شریف کی حکومت بھینس کے دودھ کی طرح خالص جمہوری حکومت قرار پاتی ہے لیکن نصف درجن ایسے تحائف عمران ساتھ ملا لیتا ہے تو ارشاد ہوتا ہے اس کی حکومت کی حیثیت ایک مہرے سے زیادہ نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی اور مشرف کے لوگوں کا عمران کی کابینہ میں آنا اگر اس کی ناکامی کا اعلان ہے تو مشرف کے وزیر قانون کو اپنا وزیر قانون بنا لینا کیا نواز شریف کی ناکامی کا اعلان نہیں تھا؟ مشرف کے گورنر جنرل عبد القادر بلوچ کو وفاقی وزیر بنا لینا کیا جمہوری اصولوں سے انحراف نہیں تھا؟ پرویز مشرف کی ٹیم کا فواد چودھری اگرعمران کی ناکامی کی علامت ہے تو مشرف کا وزیر دانیال عزیز نواز شریف کے بیانیے کا جھومر کیسے ہو گیا ؟ ذرا معلوم تو کریں سردار یوسف جنہیں نواز شریف نے مذہبی امور کی وزارت دی تھی مشرف دور میں کس کے ساتھ تھے؟
عمران تو چلیں ہو گیا ایک مہرہ ، نواز شریف نے مشرف کے وزیر اعظم جمالی کو اپنی پارٹی میں کیا بیانیے کی زلفوں کے خم سنوار نے کے لیے شامل کیا تھا ؟
فردوس عاشق اعوان کو مشیر بنانا تو جمہوری اصولوں کی پامالی ہو گیا، پرویز مشرف کی ٹیم کی کشمالہ طارق کو اہم منصب پر فائز کر کے کیا نواز شریف نے جمہوریت کی غلام گردشوں میں قندیلیں روشن کر دی تھی؟
مشرف کی ٹیم کی ماروی میمن ، امیر مقام اور طارق عظیم کیا بیانیے کو لوری دینے کے لیے ن لیگ میں شامل کیے گئے تھے؟ رفیق حریری کے پائلٹ شجاعت عظیم کو وزیر اعظم کا مشیر برائے ایوی ایشن کیا اس لیے بنایا گیا تھا کہ بیانیے کو اونچی اڑان مل سکے؟
جتنی تنقید عمران خان پر میں نے کی ہے شاید ان کے کسی بد ترین ناقد نے بھی نہ کی ہو۔ ان کی کسی غلطی کا دفاع مقصود نہیں کہ کچھ غلطیاں ایسی ہیں کہ دفاع ممکن ہی نہیں ۔صرف اتنی سی درخواست ہے کہ اگر نواز شریف یہ سب کچھ کر کے بھی قائد انقلاب ہیں تو عمران خان پر اتنا غصہ کیوں ؟ پرکھنے کے اصول تو یکساں رکھیے ۔ آپ اپنی اننگز مکمل کر چکے۔ عمران ابھی کریز پر ہے۔ اچھا کھیلے گا تو داد ملے گی ، برا کھیلے گا تو ہوٹنگ ہو گی اور ہو رہی ہے۔ کیونکہ فی الوقت وہ اچھا نہیں کھیل رہا لیکن میچ ابھی ختم نہیں ہوا۔