عمران خان جعلی، نقلی، خلائی اور نصب شدہ وزیراعظم ہیں: مولانا فضل الرحمان

مانسہرہ: متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان جعلی، نقلی، خلائی اور نصب شدہ وزیراعظم ہیں۔

مانسہرہ میں ملین مارچ سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے، پاکستانی حکمران اسلامی تعلیمات سے قطعی نابلد ہیں اور حکمرانوں کو نظریہ پاکستان کا کچھ علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام کے ذریعے آمریت کو راستہ نہیں دیں گے، معیشت خسارے کا شکار ہے اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب آگیا ہے تو آپ کو مہلت کیسے دیں؟ آپ تو اٹھنے کے قابل بھی نہیں، ملک کو چلنے دیا جائے، تجربات نہ کیے جائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جبر کامیاب ہوگیا اور جمہوریت کمزور ہوگئی، قبائلیوں کو ضم کرکے بے یارومدد گار چھوڑ دیا گیا ہے اور وہ پریشان ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں زبان پھسل گئی، انہیں بولنا نہیں آتا جہاں جاتے ہیں تو بونگیاں مارتے ہیں، کہاں کہاں آپ کی غلطیاں پکڑیں؟ صاف کیوں نہیں کہہ دیتے کہ آپ کو علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہ آپ کسی سے بریفنگ لیتے ہیں نہ پوچھتے ہیں اور خود سے بولتے ہیں تو بونگیاں مارتے ہیں، آپ جعلی، نقلی، خلائی اور نصب شدہ وزیراعظم ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے اپوزیشن کو نہیں عوام کو متحد کرنے میں دلچسپی ہے، وطن عزیز کی نظریاتی اساس کے امین ہیں، موجودہ حکومت نے تعلیمی نصاب میں تبدیلی شروع کردی ہے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی پی سے بھی شکوہ ہے، کیا مطلب ہے کہ ان کو وقت ملنا چاہیے؟ اس کا معنیٰ یہ ہے کہ آپ دھاندلی والے جعلی الیکشن کو تسلیم کررہے ہیں، کیا مصلحتیں ہیں بتایا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے