کراچی میں ہیٹ ویو کے اثرات، شہر کا موسم شدید گرم، سمندری ہوائیں رک گئی

کراچی کو گرم اور خشک میدانی ہواؤں نے لپیٹ میں لے لیا جب کہ شہر کا درجہ حرارت بڑھنے سے ہیٹ ویو کے اثرات محسوس ہونے لگے۔

محکمہ موسمیات نے یکم سے 3 مئی تک شہر میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی ہے جس کے تحت شہر میں آج سے ہی موسم شدید گرم اور خشک ہوچکا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی گرم اور خشک میدانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہوگئی ہیں اور درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی تک پہنچ گیا جو 41 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر میں شمال مغرب سے ہوائیں 13کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

ہیٹ ویو سے کیسے بچا جائے؟

ہیٹ اسٹروک اُس وقت ہوتا ہے جب انسانی جسم اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے تیزی سے پسینہ خارج کرتا ہے تاکہ جسم کو باہر سے ٹھنڈک پہنچائی جاسکے لیکن پسینے کے اخراج کی صورت میں پیدا ہونے والی پانی کی اندرونی کمی کو فوراً پورا نہ کیا جائے تو پانی اور نمکیات کی کمی کے باعث جسم کا قدرتی کولنگ سسٹم ناکارہ ہوجاتا ہے اور انسان تھکاوٹ، سرسام یا لو لگ جانے جیسے جان لیوا امراض کا شکار ہوسکتا ہے۔

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، دھوپ میں نکلنے کی صورت میں شہری چھتری کا استعمال کریں۔

جسم میں نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے ملبوسات کا استعمال کیا جائے، چست اور موٹے کپڑے پہننے سے گریز کریں۔

موٹرسائیکل پر سفر کرنے والے شہری ہیلمٹ کا استعمال کریں، گرمی سے گھر آکر فوری طور پر سرپر پانی ڈالنے سے گریز کریں۔

سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔

کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد، شوگر، امراض قلب اور ہائپر ٹینشن یا فشار خون کی زیادتی کے مریض شدید گرمی میں باہر نا نکلیں۔

اندرون سندھ بھی گرمی کا راج

دوسری جانب سندھ کے شہر جیکب آباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا جب کہ شہید بینظیر آباد، روہڑی، سکھر اور چھور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جا پہنچا۔

ادھر اسلام آباد میں رات گئے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، سرگودھا، مظفر آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے