وزیراعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

خیبر: وزیراعظم عمران خان نے 800 میگاواٹ کے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس کے مقام پر واقع مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔

پشاور سے 37 کلو میٹر شمال کی جانب ضلع مہمند میں واقع مہمند ڈیم میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 93 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جس کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ڈیم کی تعمیر کے لیے مجموعی لاگت 291 ارب روپے ہے، جس کی اونچائی 213 میٹر یعنی 698.82 فٹ بلند ہوگی جس سے یومیہ 800 میگا واٹ اور سالانہ 2862 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

ڈیم سے دائیں اور بائیں جانب نکلنے والے نہری نظام سے ضلع مہمند کی مجموعی طور پر 16 ہزار 667 ایکڑ بنجر زمین کاشت کے قابل ہو سکے گی۔

ڈیم کی تعمیر سے ضلع چار سدہ اور نوشہرہ کے زیادہ تر علاقے موسمی سیلاب سے محفوظ ہو جائیں گے۔

مہمند ڈیم کا منصوبہ پانچ سال میں مکمل ہوگا یعنی 2024 تک یہ تیار ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے سپریم کورٹ نے فنڈ قائم کیا ہے جس میں فنڈریزنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم اور بیرون ملک پاکستانیوں سے اس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے