اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف لندن جا کر اپنی کرپشن کو دفن کرنا چاہتے تھے اور ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ وہ واپس نہیں آئیں گے۔
جیو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا پاکستان واپس نہ آنا ثابت کرتا ہے کہ ریڑھی والوں کے اکاؤنٹس کے پیسے وہ انہیں دینے کو تیار نہیں، ایک بھائی فرار ہوگیا اور دوسرا فرار ہونے کی تیاریوں میں ہے، یہ لوگ این آر او لینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اور قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی جگہ لیگی رکن کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیے جانے پر اپنے ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ اپنے گھر سے باہر چوکیدار بھی تعینات نہیں کرتے، نئی نامزدگیوں نے ثابت کردیا کہ شہباز شریف کی بیماری ڈرامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بیماری سے متعلق اب تک حتمی اطلاعات پاکستان کے عوام کے سامنے نہیں آئیں، خودساختہ جلاوطنی کے لیے ان کی صحت کے امور آڑے آئیں گے اور کسی ڈاکٹر سے رابطے کریں گے جب کہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر گردش کرتی ہیں جس میں انہیں شاپنگ مالز میں یا ویڈیو گیمز کھیلتے دیکھا گیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ عوام کو باور کراتی رہی ہے کہ یہ لوگ لوٹے گئے پیسہ کو چھپانے کی حکمت عملی میں مصروف ہیں اور کہیں نہ کہیں عدالتوں کا سہارا لینے یا طبی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی کوششوں میں ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے والے انتشار کا شکار ہیں، سارا ٹبر خود ساختہ جلاوطنی کے ذریعے اپنے آپ کو ماضی میں کیے گئے کاموں پر بے نقاب کرنے میں مصروف ہے۔