مہنگائی ایک مسئلہ ہے جس پر حکومت پریشان ہے: مشیر خزانہ کا اعتراف

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہےکہ مہنگائی ایک مسئلہ ہے جس پر حکومت پریشان ہے۔

جیو اور جنگ کی جانب سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نےاخراجات کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، دستیاب وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے کوشاں ہیں، معاشی حالات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ملک اکیلے ترقی نہیں کرسکتا، مل کر ساتھ چلنا ہو گا، چین اور بھارت سمیت دیگر ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کے راستے نکالے، باہمی شراکت داری کیے بغیر ملکوں کی اقتصادی ترقی ممکن نہیں، حکومت اکیلے اقتصادی ترقی نہیں کرسکتی، ہمیں کامیاب ممالک کو دیکھنا ہو گا کہ انہوں نے کیسے ترقی کی، لوگوں کو ترقی دیے بغیر ہم اقتصادی ترقی نہیں کرسکتے۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ شروع سے ہی پاکستان نے برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مؤثر اقدامات کیے، حکومت آئی تو ایکس چینج ریٹ زیادہ ہونے کے باعث برآمدات کم تھی، درآمدات میں کمی کی جائے گی۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ چند ہفتوں میں بجٹ آنے والا ہے، معاشی فریم ورک تشکیل دینا ہو گا اور مالی خسارے کو کم کرنا ہے، ریونیو کا شعبہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق لانا ہوگا، گزشتہ 13 سالوں میں کسی کمپنی کی نج کاری نہیں کی گئی۔

مشیر خزانہ نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ایک مسئلہ ہے جس پر حکومت پریشان ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافے پرحکومت کا کنٹرول نہیں، عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، معاشرے میں پیچھے رہ جانے والوں کے لیے سوشل پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذکرات چل رہے ہیں، مناسب پروگرام طے ہو جائے گا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھاکہ چین کے ساتھ آزادانہ تجارت میں تبدیلی لائے ہیں، وزیراعظم عمران خان چین کےصدر کے ساتھ معاہدہ کر بھی لیں تونجی شعبے کے تعاون کے بغیر مؤثر نہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پہلے سے موجود سرمایہ کاروں کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کرنا ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے