اتوار 05 مئی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ پیر کو ہوگا[/pullquote]

ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد پہلا روزہ پیر کو ہوگا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے عوام سے دو دن تک رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی تھی تاہم سعودی عرب میں ہفتے کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔ سعودی عرب میں کل بروز اتوار 29 شعبان المعظم ہوگا جس کے بعد پیر 6 مئی کو ملک بھر میں پہلا روزہ ہوگا۔سعودی عرب کے علاوہ خلیجی ممالک میں بھی 6 مئی کو پہلا روزہ ہونے کا قوی امکان ہے۔

[pullquote]بغلان پولیس کے ہیڈ کوارٹرز پر طالبان کا حملہ، پانچ پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان کی پولیس کے صدر دفتر پر طالبان جنگجوؤں نے پانچ سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس حملے میں تیس سکیورٹی اہلکاروں سمیت پینتالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بغلان کی پولیس کا ہیڈکوارٹرز صوبائی دارالحکومت پُل خمری میں واقع ہے۔ طالبان نے اپنے حملے کی ابتدا پولیس کی عمارت کے گیٹ پر باردو سے لدی گاڑی کے حملے سے کی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان محمود حقمل نے پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ حملہ اتوار پانچ مئی کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے کیا گیا۔ بغلان صوبے کے انتظامی و طبی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور اس باعث ہلاکتوں میں اضافہ ممکن ہے۔

[pullquote]پوپ فرانسس نے بلغاریہ کا دورہ شروع کر دیا[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے یورپی ملک بلغاریہ کا دو روزہ دورہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے اس دورے کے پہلے دن بلغاریہ کے وزیراعظم بوئیکو بوریسوف کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ اس ملاقات کے بعد وزیراعظم بوریسوف نے کہا کہ وہ اُس شخص کا خیرمقدم کر کے انتہائی خوشی محسوس کر رہے ہیں جو دنیا بھر میں عقیدے کا ایک نشان تصور کیا جاتا ہے۔ پوپ اس دورے کے دوران ایک ریفیوجی مرکز بھی جائیں گے۔ اس کے علاوہ بلغارین آرتھوڈکس چرچ کے رہنماؤں سے بھی وہ ملاقات کریں گے۔ مغربی بلقان کے اس ملک کے دورے کے دوران پوپ کی دعائیہ تقریبات میں خطے کے امن و استحکام اور غیر ملکی مہاجرین کی نگہداشت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

[pullquote]سری لنکا سے 200 مسلمان مبلغین کی ملک بدری[/pullquote]

ایسٹر بم حملوں کے بعد سری لنکا کی حکومت نے اپنے ملک میں موجود چھ سو غیر ملکیوں کو نکال دیا ہے اور ان میں تقریبا دو سو مسلمان مبلغین بھی شامل ہیں۔ کولمبو حکومت نے مذہبی ویزوں کے اجراء میں بھی سختی لانے کا عندیہ دیا ہے۔ سری لنکا کے وزیر داخلہ کے مطابق مذہبی مبلغین ملک میں قانونی طور پر داخل ہوئے تھے لیکن کریک ڈاؤن کے دوران پتا چلا کہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی وہ مقیم ہیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق انہیں جرمانے کرنے کے بعد ملک بدر کیا گیا۔ سری لنکا کے وزیر داخلہ نے ملک بدر کیے جانے والوں کی شہریت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا لیکن پولیس حکام کے مطابق مبلغین کا تعلق بنگلہ دیش، بھارت، مالدیپ اور پاکستان سے تھا۔

[pullquote]سمندری طوفان فانی سے ہلاکتیں پندرہ تک پہنچ گئیں[/pullquote]

انتہائی طاقتور طوفان فانی سے بھارت اور بنگلہ دیش میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پندرہ تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں تین ہلاکتیں بھارتی ریاستوں اڑیسہ اور مغربی بنگال میں جب کہ ایک درجن افراد بنگلہ دیش میں ہلاک ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ ابھی تک متاثرہ علاقوں میں پوری طرح ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیاں شروع نہیں ہو سکی ہیں۔ سمندری طوفان فانی سے جنوبی ایشیا میں ایک سو ملین سے زائد افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہونا پڑا۔ اس طوفان کے ساتھ زوردار موسلا دھار بارشوں کے ساتھ ڈھائی سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے جھکڑ بھی تھے۔

[pullquote]جرمنی: خسرے کی ویکسین نہ لگوانے والے والدین پر جرمانہ عائد کرنے کی تجویز[/pullquote]

جرمن وزیر صحت ژینس سپان نے تجویز دی ہے کہ اُن والدین پر جرمانہ عائد کیا جائے جو اپنے بچوں کو خسرے کی مدافعتی ویکسین سے دور رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق ایسی بے پروائی برتنے والے والدین پر ڈھائی ہزار یورو تک کا جرمانہ عائد کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کی تجاویز کی منظوری کے بعد خسرے کی ویکسین کے بغیر والے بچے ڈے کیئر سے دور رکھے جا سکیں گے۔ سپان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب دنیا بھر سمیت جرمنی میں خسرے کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ جرمنی میں گزشتہ دس ہفتوں کے دوران دو سو سے زائد خسرے کے مریض رپورٹ کیے گئے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

[pullquote]لبنان میں غیر ملکی گھریلو ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

لبنانی دارالحکومت بیروت میں سینکڑوں غیر ملکی گھریلو ملازمین نے روزگار کے خراب حالات اور استحصالی رویوں کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں ملازمین غلامی کے خلاف اور انصاف کے حق میں نعرے لگانے کے علاوہ مروجہ کفالہ کے طریقہٴ کار کو ممنوع قرار دینے کے مطالبہ کر رہے تھے۔ انسانی حقوق کے سرگرم لبنانی کارکنوں کے مطابق ان گھریلو ملازمین کو واقعی استحصال کا سامنا ہے۔ یہ ملازمین لبنانی لیبر قوانین کی حدود میں تصور نہیں کیے جاتے اور صرف رہائشی اجازت نامے کی بنیاد پر گھروں میں ملازمتیں کرتے ہیں۔ لبنان میں ڈھائی لاکھ گھریلو ملازمین کام کرتے ہیں اور ان میں زیادہ تر خواتین ہیں۔ یہ ملازمین سری لنکا، ایتھوپیا، فلپائن اور دوسرے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

[pullquote]شامی باغیوں کے ٹھکانوں پر اسد حکومت اور روسی فضائیہ کے حملے[/pullquote]

روسی اور شامی فورسز کی جانب سے باغیوں کے علاقوں پر مسلسل چھٹے دن بھی فضائی حملے کیے گئے۔ شامی اپوزیشن کے لندن میں قائم مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ادلب اور شمالی صوبے حماہ میں ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹرز نے متعدد مقامات پر بم باری کی ہے۔ قریب ایک ہفتے سے جاری ان مسلح کارروائیوں میں ہلاک شدگان کی تعداد ستر بتائی جا رہی ہے۔ شامی صوبے ادلب میں تقریباً تین ملین افراد مقیم ہیں، ان میں سے نصف کے قریب افراد دیگر علاقوں کے پناہ گزین ہیں۔

[pullquote]بھارتی انتخابات: کشمير ميں بے جے پی کا مقامی رہنما قتل[/pullquote]

بھارت کے زير انتظام کشمير ميں ہندو قوم پرست سياسی جماعت بی جے پی کے ايک مقامی يونٹ کے رہنما کو ہلاک کر ديا گيا ہے۔ مشتبہ عليحدگی پسند جنگجوؤں نے ہفتے کی رات گل محمد مير کو ان کے گھر پر قتل کيا۔ قتل کی يہ واردات ضلع آننت ناگ ميں پيش آئی۔ پوليس نے اسے دہشت گردی کی واردات قرار دیا ہے۔ يہ بھی بتايا گيا ہے کہ شوپياں کے علاقے ميں ايک ايسے مقام کو نذر آتش کر ديا گيا ہے، جسے پير چھ مئی کو پولنگ اسٹيشن کے طور پر استعمال کیا جانا تھا۔ بھارتی وزير اعظم نے مير کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئيٹ کيا کہ ملک ميں ايسے تشدد کی کوئی جگہ نہيں۔

[pullquote]غزہ سے ایک دن میں 430 راکٹ داغے گئے، اسرائیل[/pullquote]

غزہ ميں سرگرم عسکریت پسندوں نے اتوار پانچ مئی کو اسرائیل کی طرف مزید راکٹ فائر کیے ہیں، جس کے نتیجے میں اسرائیل کی جانب سے جوابی حملے بھی جاری ہیں۔ گزشتہ روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں چار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ فلسطينی حکام کے مطابق ہلاک زدگان میں ایک حاملہ خاتون اور اس کی چودہ ماہ کی بچی بھی شامل ہيں تاہم اسرائیلی فوج کے مطابق يہ دونوں حماس کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ہيں۔ اسرائیل کے مطابق غزہ سے اب تک 430 راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ غزہ پٹی سے ملحق سرحدی گزر گاہ پر ایک اٹھاون سالہ اسرائیلی شہری راکٹ حملوں میں مارا گیا ہے۔

[pullquote]پاپائے روم بلقان ریاستوں کے دورے پر[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس آج اتوار پانچ مئی سے بلقان ریاستوں کے اپنے دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ پاپائے روم بلغاریہ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ گرجا گھروں میں کٹر عقيدے والے مسيحیوں کے پادریوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر وہ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے قریب واقع مہاجرین کی پناہ گاہوں کا بھی دورہ کریں گے۔ پوپ فرانسس بلغاریہ کے بعد شمالی مقدونیہ کا رخ کریں گے جہاں ان کی مقامی کیتھولک مسیحی اقلیتوں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے میں بیسویں صدی کی ایک مقبول ترین شخصیت مدر ٹریسا کی یاد میں منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب میں بھی پوپ کی شرکت متوقع ہے۔

[pullquote]کم جونگ ان نے ’راکٹ تجربات‘ کا مشاہدہ کیا: شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا کی طرف سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ملکی سپريم ليڈر کم جونگ ان نے ہفتہ چار مئی کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ میزائل کے تجربات کا مشاہدہ کیا۔ پیونگ یانگ سے یہ اطلاعات جنوبی کوریا کی فوج کے بیان کے تناظر ميں میں سامنے آئی ہیں، جس کے مطابق گزشتہ روز شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحلی علاقے میں متعدد راکٹ سمندر کی طرف فائر کیے تھے۔ کم جونگ ان نے ان مشقوں پر ’بھرپور اعتماد‘ کا اظہار کیا اور سرحدی دستوں کو ہائے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ کسی ممکنہ جوہری ڈیل کے امکانات ابھی تک روشن ہیں۔

[pullquote]سری لنکا ميں حملوں کے قریب دو ہفتے بعد بھی گرجا گھر بند[/pullquote]

سری لنکا کی کیتھولیک مسیحی برادری کے افراد ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کے خطرے کی وجہ سے گرجا گھروں کے بجائے اب بھی اپنے گھروں میں ہی عبادت کر رہے ہیں۔ آج اتوار پانچ مئی کو سنڈے ماس کی خصوصی مذہبی تقریب ٹی وی پر نشر کی گئی جس میں کولمبو کے آرچ بشپ کارڈینل میلکم رنجیتھ نے پوپ فرانسس کی جانب سے امن اور بھائی چارے کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ سری لنکا میں ايسٹر کے موقع پر تين گرجا گھروں اور تين ہوٹلوں پر منظم حملوں ميں کم از کم 253 افراد مارے گئے تھے۔ ان حملوں کو قریب دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی ملک کے تقریباﹰ تمام گرجا گھر بند ہیں۔

[pullquote]بھارت: سمندری طوفان فانی سے نمٹنے کی کارروائيوں کی پذیرائی[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھارت کی جانب سے طاقت ور سمندی طوفان فانی سے نمٹنے کے سلسلے میں ہنگامی سرگرمیوں کو سراہا ہے۔ عالمی ماہرین نے کہا ہے کہ نئی دہلی حکومت نے بر وقت ایک ملین افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جس کی وجہ سے نقصان کم ہوا۔ حکومت کی جانب سے سمندری طوفان کے حوالے سے ریڈیو اور ٹی وی پر مسلسل خبردار کیا جاتا رہا اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے قریب پینتالیس ہزار امدادی رضاکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔ طاقتور سمندری طوفان ’فانی‘ جمعے کے روز بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد بنگلہ دیش میں داخل ہو گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس طوفان کے نتیجے میں بارہ افراد مارے گئے اور کم از کم ایک سو ساٹھ زخمی ہوئے۔

[pullquote]شمالی مقدونیہ میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع[/pullquote]

بلقان خطے کی ریاست شمالی مقدونیہ میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج اتوار پانچ مئی کو ہو چکا ہے۔ انتخابات میں ایک اعشاریہ آٹھ ملین شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہيں۔ حکومتی جماعت سوشل ڈیموکریٹس کے امیدوار اسٹیوو پیڈاروفسکی کو آزاد امیدوار سیاست دان گوردانا سیلیجانوفسکا پر دو ہفتے قبل برتری حاصل تھی۔ قوانین کے مطابق ٹرن آؤٹ کم از کم چالیس فیصد ہونا چاہیے۔ رواں برس فروری میں یونان سے اختلافات کے بعد بلقان ریاست مقدونیہ نے خود کو قدیم یونانی صوبے مقدونیہ سے مختلف کرنے کے لیے ملک کا نام تبدیل کر کے شمالی مقدونیہ رکھنے پر اتفاق کر ليا تھا۔

[pullquote]فوج امریکی جارحیت سے نمٹنے کے ليے تیار رہے، مادورو[/pullquote]

وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے ملکی فوجی دستوں کو ممکنہ امریکی جارحیت سے نمٹنے کے ليے تیار رہنے کی ہدایت ہفتے کے روز کی ہے۔ فوجی دستوں سے خطاب میں مادورو نے کہا کہ اگر امریکا نے اس ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی تو فوج وطن کا دفاع کرنے کے لیے تیار رہے۔ ادھر امریکا کی جانب سے وینزویلا میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے فوجی کارروائی کے خدشات کو رد کر دیا گیا ہے تاہم اقتصادی پابندیاں جاری ہیں۔ قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وینزویلا میں ’اقتدار کی منتقلی کا وقت آچکا ہے۔‘ پومپیو کے اس بیان کو وينزويلا کے اپوزيشن ليڈر خوآن گوآئيڈو کی حمایت بھی سمجھا جا رہا تھا۔

[pullquote]پاناما میں صدارتی انتخابات، کرپشن کا خاتمہ اہم معاملہ[/pullquote]

پاناما کے دو اعشاریہ آٹھ ملین شہری آج اتوار پانچ مئی کو صدارتی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ چھیاسٹھ سالہ سابق وزیر زراعت لورینیتیو کورتیزو صدارتی عہدے کے لیے اہم امیدوار ہیں۔ انہوں نے انتخابی مہم میں ملک میں مالی بدعنوانی اور عدم مساوات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صحت اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا ہے۔ رواں ہفتے بدھ کے روز آخری انتخابی ریلی میں ڈیموکریٹک ریوولیوشن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کورتیزو نے کہا تھا کہ نا اہل اور کرپٹ افراد ملک کا پیسہ لوٹ رہے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کا مستقبل خطرے میں ہے۔ کورٹیزو کے مد مقابل ڈیموکریٹک پارٹی کے رومولا روز کا انتخابی مہم میں آئینی اصلاحات اور آزاد عدالتی نظام پر فوکس تھا۔

[pullquote]شمالی افغانستان میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر طالبان کا حملہ[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں اتوار پانچ مئی کو طالبان جنگجُوؤں نے صوبائی پولیس کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کردیا۔ حکام کے مطابق اس حملے میں تقریباً بیس شہری زخمی ہوئے، جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ صوبائی کونسل کے رکن اسداللہ شہباز کے بقول آج سہ پہر ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ہیڈکوارٹرز سے ٹکرا دی۔ اس ابتدائی حملے کے بعد متعدد مسلح افراد نے پولیس کی عمارت پر فائرنگ شروع کر دی۔ وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ کم از کم دو حملہ آور مارے گئے ہیں جبکہ دیگر حملہ آوروں کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے