اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک اور نیب انکوائری میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے آصف زرداری کو ہریش اینڈ کمپنی کیس میں پوچھ گچھ کے لیے 9 مئی کو طلب کر رکھا کہ جس کے پیش نظر انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، نیب نے 9 مئی کو طلب کیا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی خدشہ نہیں کہ درخواست گزار ضمانت ملنے پر ریکارڈ میں کوئی ٹیمپرنگ کرسکتا ہے اس لیے عدالت درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے کیس کی تفصیلات بھی فراہم کرے۔
سابق صدر کی جانب سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد کامران کو فریق بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نیب نے گزشتہ روز آصف زرداری کو ہریش اینڈ کمپنی کیس میں کال اپ نوٹس جاری کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہےکہ ہریش اینڈ کمپنی نے ‘سندھ اسپیشل انیشی ایٹو’ سے واٹر سپلائی کا ٹھیکہ لیا تھا لیکن اس منصوبے پر کوئی کام نہیں ہوا بلکہ کمپنی کے اکاؤنٹ سے نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات چلائے جاتے رہے۔