لاہور: داتا دربار دھماکے کا ایک اور زخمی میو اسپتال میں دم توڑ گیا جس کے بعد شہدا کی تعداد 11 ہوگئی۔
میو اسپتال کی ایمرجنسی کے ڈائریکٹر کے مطابق دم توڑنے والا زخمی صدام حسین قصور کا رہائشی اور پولیس ملازم تھا جس کے انتقال کے بعد داتا دربار دھماکے میں شہید افراد کی تعداد گیارہ ہوگئی۔
ڈائریکٹر ایمرجنسی کا کہنا ہے کہ میو اسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کا علاج جاری ہے اور زخمیوں کو سرجیکل ٹاور میں منتقل کردیا گیا ہے۔
میو اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے دو زخمیوں کی حالت نازک ہے جنہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب داتا دربار کے باہر دھماکے کی جگہ پر راستہ اب تک بند ہے اور ارد گرد کی دکانوں کو بھی بند رکھا گیا ہے جب کہ پولیس اور فورنزک لیب کی جانب سے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔