پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گوادر آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے۔
گزشتہ روز تین دہشت گردوں نے گوادر کے فائیو اسٹار پی سی ہوٹل پر حملہ کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوارد آپریشن کے دوران تینوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔
شعبہ تلعقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کو سیکیورٹی گارڈ نے مرکزی حال میں داخل ہونے سے روکا، ہوٹل کی سیڑھی میں دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج، بحریہ اور پولیس کی ٹیمیں بروقت ہوٹل پہنچیں، دہشت گردوں کو ہوٹل کی چوتھی منزل تک محدود کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے تھے، شہید ہونے والوں میں ہوٹل کے 4 ملازمین اور نیوی کا اہلکار شامل ہیں۔
شہداء میں سیکیورٹی گارڈ ظہور اور ہوٹل ملازمین بلاول، فرہاد اور اویس شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں فوج کے دو کیپٹن، نیوی کے دو اہلکار اور ہوٹل کے دو ملازمین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گوادر آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہیں۔