اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے اور ایمنسٹی اسکیم پر غور کے لیے آج اہم اجلاس طلب کرلیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد 6 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔
اپوزیشن کی شدید تنقید کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس بھی طلب کرلیا جس میں مالیاتی امور پر بریفنگ دی جائے گی جب کہ آئی ایم ایف سے معاہدے اور ایمنسٹی اسکیم پر بھی غور ہوگا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس میں آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکیج پر گرما گرم بحث کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کو 6 ارب ڈالر 39 ماہ میں قسطوں میں جاری کیے جائیں گے اور معاہدے پر عمل درآمد آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی توثیق کے بعد کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق پاکستان آئندہ بجٹ کے خسارے میں صفر اعشاریہ 6 فیصد کمی لائے گا اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کا تعین مارکیٹ کے طے کرنے سے مالی شعبے میں بہتری آئے گی۔