قومی و صوبائی اسمبلیوں میں قبائلی علاقوں کی نشستیں بڑھانے سے متعلق 26 ویں آئینی ترمیم متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کی شق وار منظوری لی گئی اور کسی بھی رکن اسمبلی نے ترمیم کی مخالفت نہیں کی۔
حکومت اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے متفقہ طور پر 26 ویں آئینی ترمیم منظوری کے بعد اب قبائلی علاقوں کی نشستوں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 12 ہو جائے گی۔
اسی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی قبائلی علاقوں کی نشستیں 16 سے بڑھ کر 24 ہو جائیں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بل پر اتفاق کرنے پر تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم فاٹا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دشمن احساس محرومی کو منفی مقاصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں کوشش کرنی چاہیے کہ انہیں بھی اوپر اٹھایا جائے۔
خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیمی بل پر بحث کا آغاز 10 مئی کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہوا تھا۔