بلاول اور مریم کے افطارڈنر پر ملنے پر حیرت نہیں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو بلاول اور مریم نواز کے افطار ڈنر میں ملنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے، کرپٹ ٹولہ اب اکھٹا ہو رہا ہے تاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔

خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والا سیاسی مافیا نئے نظام کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم 10 سال میں تباہ کی گئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، ماضی کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی یہ حالت ہوئی ہے، یہ سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں لیکن عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد میں افطار ڈنر میں شریک ہوں گی۔

کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو بہترین قرار دیا اور کہا کہ عنقریب برآمدات میں بہتری، ترسیلات زر میں اضافہ اور معیشت بہتر ہو جائے گی۔

انہوں نے اشیاء خور ونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ وہ اسی قوم سے ملک کو چلانے کے لیے پیسہ اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔

[pullquote]اپوزیشن جماعتیں سیاسی حکمت عملی کیلئے آج افطار ڈنر پر اکٹھی ہوں گی[/pullquote]

اسلام آباد: ملکی معاشی صورت حال اور حکومت کے خلاف حکمت عملی پر غور کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا بڑا اجتماع آج ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر کی دعوت دی گئی ہے جس میں مریم نواز سمیت دیگر شریک ہوں گے۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں افطار ڈنر کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو وفود سمیت شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق افطار ڈنر سے قبل اپوزیشن قائدین کا مشترکہ مشاورتی اجلاس ہو گا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، معاشی بحران سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت کئی سال بعد زرداری ہاؤس میں کسی اجلاس میں شرکت کرے گی اور (ن) لیگ کا وفد سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت بلاول بھٹو زرداری کی افطار میں جائے گا۔

لیگی وفد میں سردار ایاز صادق، مریم نواز، حمزہ شہباز اور پرویز رشید شامل ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے