پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ڈاکٹروں نے 2 دن کے لیے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کے ناروا رویے کے خلاف خیبرپختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز گزشتہ 4 روز سے ہڑتال پر ہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
خیبرپختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے کنوینئر ڈاکٹر سراج الاسلام کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آج اور کل او پی ڈیز کھلی رہیں گی تاہم خیبر ٹیچنگ اسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلکس سمیت باقی تمام اسپتالوں میں ہڑتال جاری رہے گی۔
ڈاکٹر سراج الاسلام نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان سے 21 مئی کو ہونے والی ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ڈاکٹرز کونسل کے کنوینئر کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو مذاکرات سے بائیکاٹ کریں گے اور وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کی موجودگی میں کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
واضح رہےکہ 16 مئی کو خیبر ٹیچنگ اسپتال میں وزیراعظم عمران خان کے کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالدین کے درمیان تکرار ہوئی، اس دوران ڈاکٹر ضیاء نے الزام لگایا کہ وزیر صحت ہشام انعام اللہ کے محافظوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔