اسلام آباد: پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی رہنما گلالئی اسماعیل کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
گلالئی اسماعیل کے خلاف شہری محمد ذیشان کی درخواست پر تھانا شہزاد ٹاؤن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق گلالئی اسماعیل نے فرشتہ زیادتی اور قتل کے واقعےکو حکومت کی طرف موڑنےکی کوشش کی ہے، ان کی تقریر پشتونوں کے دل میں ملک کے خلاف نفرت پیدا کرتی ہے جو بدنیتی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق گلالئی اسماعیل نے ریاست مخالف تقاریر کیں، اپنی تقاریر میں عوام کو اداروں کے خلاف اُکسایا اور نفرت پیدا کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ معصوم بچیوں سے ظلم و زیادتی کی اجازت کوئی بھی مہذب معاشرہ نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم اور دیگر جماعتوں نے اس واقعے کو سیاست کی نذر کرنا چاہا، ایسا رویہ انسانی تقاضوں کے منافی ہے، حکومت ہر ممکن یقین دہانی کراتی ہے کہ انصاف کے تقاضے جلد پورے ہوں گے۔