نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا (قومی اسمبلی) کی 542 نشستوں کے لیے 7 مراحل میں ہونے والے انتخابات میں شوبز کی دنیا سے وابستہ شخصیات نے بھی حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔
لوک سبھا کے انتخابات میں بھارتی سیاسی شخصیات کے علاوہ شوبز، اسپورٹس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی قسمت آزمائی۔
اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر نے انڈین نیشنل کانگریس کے پلیٹ فارم سے شمالی ممبئی سے انتخاب میں حصہ لیا اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے مخالف امیدوار کو شکست دے کر لوک سبھا کے لیے اپنی نشست پکی کرلی۔
اداکار شترو گنج سنہا نے کانگریس کے ٹکٹ پر ضلع پٹنا صاحب سے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔
اداکارہ ہیما مالینی اتر پردیش کے شہر متھورا سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار تھیں اور کامیابی سمیٹی۔
اداکار راج ببر نے بھارتی شہر فتح پور سکری سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔
اداکارہ کرن کھیر بھی بی جے پی کی امیدوار ہیں، جنہیں چندی گڑھ کی نشست پر برتری حاصل ہے۔
سابق بھارتی ٹی وی اداکارہ اور سیاسی رہنما سمریتی ایرانی ایک مرتبہ پھر بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں کامیاب ہوگئیں، انہوں نے ضلع امیتھی سے الیکشن لڑا۔
بھارتی مذہبی اسکالر اسد الدین اویسی آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین جماعت کے امیدوار ہیں اور انہوں نے حیدرآباد کے حلقے سے کامیابی حاصل کی۔
مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی بھی لوک سبھا کے انتخابی دوڑ میں شامل ہیں اور ان کا نتیجہ آنا باقی ہے۔
ان کے علاوہ اداکار سنی دیول، بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر اور سابق آرمی چیف وی کے سنگھ بھی بی جے پی کے امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لیا اور انتخابی نتیجے میں مخالف امیدواروں سے آگے ہیں جن کے حتمی نتائج آنا باقی ہیں۔
واضح رہے کہ لوک سبھا کے تمام نتائج بھارتی نیوز سائٹ ‘این ڈی ٹی وی’ کے مطابق غیر سرکاری غیر حتمی ہیں۔