وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوروں سے 58 ارب روپے ریکور کرنے پر وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب اور ان کی ٹیم نے 8 ماہ میں 81 ارب روپے کی رقم وصول کی ہے جس میں سے 58 ارب روپے کی رقم بجلی چوروں سے حاصل کی گئی ہے، اس پر وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا 80 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، سحری اور افطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی اور یہ ہے نیا پاکستان۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگلے سال تک 120 ارب روپے مزید ریکور کیے جائیں گے، گردشی قرضہ پہلے ہی 38 ارب روپے سے کم ہوکر 26 ارب روپے ماہانہ ہوگیا ہے اور اگلے دسمبر تک گردشی قرضہ زیرو کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پرانے بقایا جات کی مد میں اضافی 100 ارب روپے ریکور کیے جائیں گے، آئندہ پانچ سال میں درآمدی تیل پر انحصار 41 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد پر لایا جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ درآمدی تیل پر انحصار اگلے دس سال میں کم کرکے 20 فیصد تک لائیں گے، ہائیڈل، قابل تجدید ذرائع اور تھر کوئلے جیسے مقامی ایندھن کے استعمال سے درآمدی تیل پر انحصار کم کریں گے۔
عمران خان کی ٹوئٹ پر مریم نواز کا شدید ردعمل
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ کے ردعمل میں کہنا تھا کہ نالائقِ اعظم سے خود تو سوائے تباہی اور بربادی کے کچھ ہوا نہیں۔
[pullquote] نالائقِ اعظم سے خود تو سوائے تباہی اور بربادی کے کچھ ہوا نہیں، کمال ڈھٹائی سے نواز شریف کے کام اور کامیابیاں بھی اپنے کھاتے ڈالنا چاہتا ہے! [/pullquote]
انہوں نے کہا کہ نالائق اعظم کمال ڈھٹائی سے نواز شریف کے کام اور کامیابیاں بھی اپنے کھاتے ڈالنا چاہتا ہے۔
اس کے علاوہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ جتنا بھی جھوٹ بولا جائے حقائق کو مسخ نہیں جاسکتا، لوگ جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں پاور پلانٹ بنانے میں ناکام ہوئی، نوازشریف نے اپنے دور میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل کی۔