لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے چیئرمین نیب کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
احتساب عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر اسمبلی کا اجلاس بلوایا جائے، چیئرمین نیب اور عمران نیازی اسمبلی میں آکر عوام کو بتائیں۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لےکر جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت ڈوب رہی ہے اور نیب کاروباری افراد کو ڈرا رہا ہے، یہ ثابت ہوچکا ہے کہ عمران خان نیازی نااہل وزیراعظم ہیں۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو متنازع انٹرویو کے باعث اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا کہ ان کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل نے چیئرمین نیب کی ایک مبینہ آڈیو ویڈیو چلائی تھی جس میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اپنے آفس میں موجود ہیں جہاں ان کے ساتھ ایک خاتون بھی موجود ہے۔
نیب نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے حوالے سے نجی چینل پر چلنے والے آڈیو ویڈیو کلپ کو سراسر غلط قرار دیتے ہوئے اسے چیئرمین نیب کے خلاف سارش قرار دیا ہے۔