سپریم کورٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت

اسلام آباد: ملکی عدالتی نظام باقاعدہ طور پر پہلی مرتبہ جدید خطوط پر استوار ہو گیا، اس سلسلے میں سپریم کورٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ملکی تاریخ میں پہلی بار ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کر رہا ہے اور آج 4 مقدمات سنے جائیں گے۔

ابتدائی طور پر ای مقدمات کی سہولت اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے دستیاب ہے۔

سپریم کورٹ اسلام آباد سے کراچی رجسٹری میں ویڈیو لنک کے ذریعے قتل کیس کے ملزم نور محمد کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس کے دوران ملزم کے وکیل یوسف لغاری ایڈووکیٹ نے درخواست پر دلائل دیے۔

عدالت نے قتل کے ملزم نور محمد کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔

یاد رہے کہ ملزم نور محمد کے خلاف پولیس اسٹیشن شاداب پور میں 2014 میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا ‘عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد نے قتل کیا، اس کیس کے نامزد ملزمان اس واقعے میں ملوث نہیں اور مقامی پولیس نےکیس کی تفتیش میں بدنیتی کا مظاہرہ کیا’۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا شریک ملزمان غلام حسین اور غلام حیدر پہلے ہی ضمانت پر ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواست کا تاخیر سے فیصلے پر چیف جسٹس نے نوٹس بھی لے لیا اور کہا کہ 2014 میں وقوعہ ہوا، ٹرائل کورٹ نے 2016 میں ضمانت خارج کی اور سندھ ہائیکورٹ نے 2016 سے 2019 تک درخواست ضمانت کا فیصلہ نہیں کیا، اس طرح کے معاملات ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ کے خلاف ہیں۔

‘ای’ کورٹ سے کم خرچ سے فوری انصاف ممکن ہوسکے گا: چیف جسٹس

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے آئی ٹی کمیٹی کے ممبران جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مشیر عالم کو خراج تحسین پیش کیا اور چیئرمین نادرا اور ڈی جی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں یہ ایک بڑا قدم ہے، ‘ای’ کورٹ سے کم خرچ سے فوری انصاف ممکن ہو سکے گا، دنیا بھر میں پاکستان کی سپریم کورٹ میں ہی ‘ای’ کورٹ سسٹم کا پہلی مرتبہ آغاز ہوا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ ‘ای’ کورٹ سے سائلین پر مالی بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے