اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد نے دعویٰ کیا ہے کہ جتنا ملک میں شور ہے اتنے حالات خراب نہیں اور ہم بہتری کی جانب چل نکلے ہیں۔
مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اصلاحات کی شرائط سے اتفاق ہے مگر برآمدی صنعت پر زیرو ٹیکس ختم کرنے کے خلاف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت تین فیصد کم ہوئی ہے مگر ڈالرز کے حساب سے پاکستان کی ایکسپورٹ پچھلے سال کے برابر ہے، درآمدات میں 4 ارب ڈالر کی کمی آئی ہے لیکن حالات اتنے خراب نہیں جتنا ملک میں شور ہے اور ہم بہتری کی جانب چل نکلے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بجٹ میں بزنس کمیونٹی کو پتہ لگ جائے گا کہ خام مال پر ڈیوٹی کم اور تیار مصنوعات پر برقرار رکھنے کی پالیسی ہے۔
مشیر تجارت کے مطابق ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ اور جاپان کے ساتھ 15 اشیاء پر ڈیوٹی فری رسائی پر بات ہو رہی ہے۔