50 سال سے قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے والے چاچا کرکٹ کیلئے اعزاز

انگلینڈ میں جاری کرکٹ کے عالمی میلے میں کرکٹ کے دیوانے عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ نے کرکٹ دیکھتے ہوئے اپنے 50 سال مکمل کرلیے۔

69 سالہ صوفی جلیل عرف چاچا کرکٹ برطانیہ کے بارہویں دورے پر ہیں، انہوں نے ورلڈکپ 1999 ، 2009 کے ٹی 20 ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی 2003 اور 2017 میں گراؤنڈ میں رہ کر اپنے جوشیلے انداز میں قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا ۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مقابلے کے موقع پر چاچا کرکٹ نے بتایا کہ انہیں آج کرکٹ دیکھتے اور قومی ٹیم کو سپورٹ کرتے 50 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے آیا ہوں اور چیمپئن ٹرافی کی طرح ورلڈکپ بھی قومی ٹیم کے نام ہوگا۔

قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے یہ دن پاکستانی شائقین کے لیے اچھا ثابت نا ہوسکا لیکن اس کے باوجود ٹرینٹ بریج اسٹیڈیم میں چاچا کرکٹ کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی اور اپنے مخصوص انداز ’جیتے گا بھئی جیتے گا پاکستان جیتے گا‘ اور ‘زور سے بولو زور سے کھیلو’ کے نعروں سے ٹیم اور شائقین کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
چاچا کرکٹ نے اپنا پہلا میچ 1969 میں پاکستان اور انگلینڈ کا دیکھا تھا جب وہ صرف 19 سال کے تھے۔ اس کے بعد سے ہر میچ میں قومی لباس میں ملبوس چاچا کرکٹ کو دیکھا جانے لگا۔

ورلڈکپ کے دوران چاچا کرکٹ کو گلوبل اسپورٹس فین ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔ انہیں یہ ایوارڈ 14 جون کو مانچسٹر میں دیا جائے گا۔

چاچا کرکٹ کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ پاکستان کے لیے اعزاز ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے