اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہےکہ حکومت موجودہ حالات میں مراعات دینے کی متحمل نہیں ہو سکتی اور ٹیکسوں کا بوجھ کچھ عرصے کیلئے برداشت کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت تاجروں اور صنعت کاروں کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ نے شرکاء کو ملک کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔
تاجروں نے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور مشیر خزانہ کو معیشت کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔
اس موقع پر حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت موجودہ حالات میں مراعات دینے کی متحمل نہیں ہو سکتی ، ٹیکسوں کا بوجھ کچھ عرصے کیلئے برداشت کرنا ہو گا۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ کوئی بھی سیکٹر ٹیکس دینے کو تیار نہیں، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانا مجبوری ہے، کوشش کریں گے صنعتکاروں اور تاجروں کی تجاویز پر عمل کیا جا سکے۔