لاہور: ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد چند روز میں ٹرین کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کریں گے جس کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اے سی سلیپر کے کرایوں میں 15 فیصد، اے سی بزنس میں 10 فیصد اور اکانومی کلاس کے کرایوں میں 2 سے 5 فیصد اضافہ متوقع ہے ۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین آپریشن پر روزانہ ساڑھے 4 لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے اضافے سے روزانہ 20 لاکھ 25 ہزار روپے کا اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ ریلوے نے گزشتہ سال 7 دسمبر کو کرایوں میں 7 سے 11 فیصد اضافہ کیا تھا ۔
دوسری جانب عیدالفطر قریب آتے ہی ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم ہے، سرگودھا اور لاہور سمیت دیگر ریلوے اسٹیشن اور ویگن اڈوں پر مسافروں کارش بڑھ گیا ہے۔
آبائی علاقوں میں عید منانے کے لیے جانے والے مسافروں کا شکوہ ہےکہ ٹرانسپورٹروں نےکرائے بڑھا دیے ہیں اور ٹرینیں مسلسل تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بوگیاں کم ہیں اس لیے ٹرینیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں۔