اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہےکہ احتساب کا عمل بلاخوف و تفریق جاری رہے گا اور ہماری توجہ میگا کرپشن پر ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا ہےکہ نیب ایک غیر جانبدار ادارہ ہے اور احتساب کے عمل کو بلاخوف و تفریق جاری رکھے گا، پاکستان میں کرپشن کے خلاف بڑے ناموں پر کبھی مکمل ہاتھ نہیں ڈالا گیا۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ کرپشن میں بتدریج اضافہ ہوا ہے، اب ہماری توجہ میگا کرپشن پر ہے، اس کا اثر بتدریج نچلے درجے کی کرپشن کو بھی کم کرے گا۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا ایک تاثرہے کہ نیب کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو خوف ہے، بزنس کمیونٹی اور غیر سرکاری لوگ بلاخوف اپنا مثبت کام جاری رکھیں، نیب کا بنیادی کام سرکاری عہدیداروں اور پبلک فنڈ میں کرپشن کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کسی طرح ملکی معشیت کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کے خلاف نہیں، ایسے لوگوں سے نیب سے کوئی شکایت نہیں ہوگی۔