لاہور: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خیبرپختونخوا حکومت کے آج (منگل) عید منانے کے فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔
جیو نیوز سے بذریعہ ٹیلی فون خصوصی بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا آج عید منانے کا فیصلہ نامناسب ہے اور اس سے جگ ہنسائی ہوئی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز چاند کا نظر آنا ممکن ہی نہیں تھا، مذہبی تہوار کی بنیاد بھی جھوٹ پر رکھ دی گئی ہے، دنیا میں ایسے تاثر گیا کہ جیسے جھوٹ کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتیں مسلک اور مقامی لڑائیوں میں نہیں پڑتیں، جو جہاں چاہے عید کرے مگر جھوٹ کی بنیاد پر نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جہالت کا علاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا، پرنٹنگ پریس اور ریلوے کا سفر برسوں تک حرام قرار دیا گیا جب کہ لاؤڈ اسپیکر کو حلال کرتے کرتے کئی سال لگ گئے، چاند کا مسئلہ بھی حل ہو ہی جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، جو ملک ہمارے ساتھ آزاد ہوئے وہ آج کہاں کھڑے ہیں، معاشرے نئی سوچ کی قیادت میں آگے بڑھتے ہیں، امید ہے قوم کا باشعور طبقہ ہر معاملے پر خاموش نہیں رہے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پسماندہ سوچ کو مستر د کرنا چاہیے، پاکستان میں بھی آخری فتح علم اور عقل کی ہونی ہے۔
خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر عید الفطر منانے کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار جمیل سومرو نامی ٹوئٹر صارف کی جانب سے استعفے کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے بھی کیا تھا۔
یاد رہے کہ پشاور کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے گزشتہ روز شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا جس کی توثیق صوبائی حکومت نے بھی کی اور صوبے میں سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان کیا۔