لندن: جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ورلڈ کپ کا 15واں میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 7.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔
ساؤتھمپٹن کے روز باؤل گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز اوپنرز کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا۔
جنوبی افریقا کا مجموعی اسکور 11 تھا تو ہاشم آملہ کوٹریل کا شکار بن گئے اور کرس گیل کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد دوسری وکٹ پر ایڈن مارکرم میدان میں اترے اور 5 رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دونوں وکٹیں شیلڈن کوٹریل نے حاصل کیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ون ڈے سیریز میں اسی میدان پر انگلینڈ اور پاکستان نے 373 اور 361 رنز بنائے تھے اور آج کا میچ بھی ہائی اسکورنگ ہونے کا امکان تھا۔
دونوں ٹیموں میں دو دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، جنوبی افریقی ٹیم میں جے پی ڈومنی اور تیریز شمسی کی جگہ ایڈن مارکرم اور بیرون ہیڈرکس کو شامل کیا گیا جب کہ ویسٹ انڈیز نے آندرے رسل اور این لیوس کی جگہ ڈیرن براوو اور کیمار روچ کو شامل کیا تھا۔
[pullquote]پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن[/pullquote]
آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے پوائنٹ ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین میچز کے بعد 3 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
ویسٹ انڈیز نے ایک میچ میں کامیابی، ایک میں شکست اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
4 میچز کے بعد جنوبی افریقا کا نمبر نواں ہے اور اس نے اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔
اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں 4،4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
آسٹریلیا چوتھے اور پاکستان تین پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔