کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 2 پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ریزور پولیس کے 2 اہلکار ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا۔

شوکت کٹھیان کا مزید کہنا ہے کہ شہید ہونے والے دونوں اہلکار کانسٹیبل اللہ دتہ اور احمد علی بالترتیب ضلع سانگڑھ اور لاڑکانہ کے رہائشی تھے۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں اہلکاروں کو نائن ایم ایم پستول سے سر اور گردن پر گولیاں ماری گئیں اور جائے وقوعہ سے 4 خول ملے ہیں جب کہ دونوں اہلکاروں کے پاس اپنے بچاؤ کے لیے کوئی ہتھیار نہیں تھا اور وہ عام شہریوں کی طرح نشانہ بنے۔

دونوں اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں پولیس موبائل میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

ایس ایچ او مومن آباد آصف منور کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس دونوں اہلکار ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، عینی شاہدین کے مطابق نوری چوک پر اسپیڈ بریکر کی وجہ سے ان کی موٹر سائیکل آہستہ ہوئی تو موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے دونوں پولیس جوانوں پر فائرنگ کی۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

حملہ آوروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر

حملہ آوروں کے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان کو فائرنگ کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، 2 ملزمان نے پی کیپ اور ایک نے ہیلمٹ پہن رکھا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے