چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو فون کر کے ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ہونے والی شدید تنقید پر ان کا حوصلہ بڑھایا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اتوار کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو کڑی تنقید کا سامنا ہے، ٹیم میں گروپ بندی کی خبریں زبان زد عام ہیں اور پھر کپتان کا کھلاڑیوں پر برسنا اور چند کھلاڑیوں کا شیشہ کیفے میں جانا بھی خبروں میں ہے۔
اس صورت حال میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کپتان سرفراز احمد کو لندن میں ٹیلی فون کیا اور ان سے موجودہ حالات پر تفصیلی بات کی اور کپتان سرفراز احمد کا حوصلہ بڑھایا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہوئی اس لیے دھیان کھیل میں رکھ کر اچھا کھیل پیش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم نے مزید چار اہم میچز کھیلنے ہیں اس لیے صرف کھیل پر فوکس رکھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جو بے بنیاد خبریں سامنے آ رہی ہیں اُن پر دھیان نہ دیں، اس سے آپ کھیل پر فوکس نہیں رکھ سکیں گے۔
احسان مانی کا سرفراز احمد سے ٹیلی فونک گفتگو میں یہ بھی کہنا تھا کہ ان حالات میں اپنی توجہ کھیل سے نہ ہٹائیں اور پُرسکون رہیں، شائقین کرکٹ کو ٹیم پاکستان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد نے مشکل صورت حال میں حوصلہ بڑھانے پر چیئرمین احسان مانی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان ٹیم باقی میچوں میں شاندار کھیل پیش کرے گی، قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اور شائقین کرکٹ کو مایوس نہیں کریں گے۔