اردو کاطالب علم ہونے کی حیثیت سے میں اکثر سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ کبھی کسی کی غلطی سے اور کبھی اپنی غلطی سے۔ اس ضمن میں ‘ میں ان احباب کا ہمیشہ شکر گزار رہتا ہوں جو کسی بھی حوالے سے میری اصلاح کا باعث بنتے ہیں۔ میں قبل اس کے بھی لکھ چکا ہوں کہ ہمارے ہاں اردو زبان کو بے شمار لوگ ہریجن سمجھتے ہیں۔ زبان پر توجہ دیے بنا غلط بولنا اور غلط لکھنا ہمارا وتیرہ بن چکا ہے ۔ کئی پڑھے لکھے فضلا اور علما بھی جب ایسی اغلاط کا ارتکاب کرتے ہیں جن سے لفظ کا معنی ہی یک سر تبدیل ہو کر رہ جاتا ہے تو شدید کوفت ہوتی ہے ۔ مثلاً ایک پی ایچ ڈی اردو اسکالر جب کہتی ہے ۔ ”ان کے کلام میں خوب صورت منظر کُشی کی گئی ہے “۔یاد رہے کہ یہاں کَشی کی بہ جائے کُشی ادا کرنے سے معنی تبدیل ہو گئے ہیں۔ ایسے ہی ایک پی ایچ ڈی اردو اسکالر جب ”نظیر اکبر آبادی“ اور اکبر اِلٰہ آبادی کو ملا کر ”نظیر اکبراَلہ آبادی“ بنا دیتے ہیں تو سخت غصہ آتا ہے ۔
یہ چند ایسی چیزیں ہیں جو بہت عام نوعیت کی ہیں۔ اسی طرح بے شمار اغلاط ہیں جن کی اصلاح بہت ضروری ہے ۔ بالخصوص ان لوگوں کو بہت محتاط ہونا چاہےے جو اسی مضمون سے متعلق ہیں۔ میں ہمیشہ اپنے اَساتذہ کا شکر گزار رہا ہوں جنھوں نے مجھے الفاظ کی حرمت سکھائی۔ میرے اَساتذہ ہی میرا حوصلہ بڑھا کر مجھے مہمیز کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں ہمیشہ کسی نہ کسی طرح اپنے طلبہ اور دوستوں کی اصلاح کی خاطر اک سعی کرتا رہتا ہوں اس امید کے ساتھ کہ اگر کسی ایک نے بھی اِصلاح قبول کی تو میری یہ کوشش بارآور ثابت ہوگی میری حوصلہ افزائی اور قیمتی راے کے لیے 03334949227 پر کال یا میسیج کریں شکریہ۔
[pullquote] عُمرانیات:[/pullquote]
میری ایم فل ہم جماعت نگہت نورین نے ایک دن فون کیا اور کسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمِرانیات ادا کیا۔ میں نے ٹوکا کہ یہ لفظ عِمرانیات نہیں بل کہ عُمرانیات ہوگا۔ اس پر اس نے ایک اُستاد کا حوالہ دیا کہ میں نے ان کی زبانی عِمرانیات ہی سنا ہے ۔ جب کہ ایک لغت ”فیروزاللغات“کا حوالہ بھی دے ڈالا۔ چوں کہ میں ایک متجسس طالب علم ہوں یہ حوالے دیکھ کر بھی میری تشفی نہ ہوئی۔ مصباح اللغات از عبدالحفیظ بلیاوی اور فرہنگ تلفظ از شان الحق حقی سمیت کئی معتبر لغات دیکھے۔ نتیجہ میری توقع کے عین مطابق برآمد ہوا یہ لفظ عُمرانیات ہی ہونا چاہیے اور ہے ۔ یہ عُمران سے ماخوذ ہے عُمران کا مطلب ہے آبادی۔ عُمران سے عُمرانیات یعنی آبادی کا علم۔ بالکل جیسے لسان سے لسانیات یا حیات سے حیاتیات وغیرہ۔ عَمران میں ”ع“ مفتوح ہے اور عَمران سے مراد ”حلق کا کوا“ہے۔ ’ع‘ مکسور ہوتو ”عمِران“Imranہوگا۔ بیشتر لوگ اس کو بھی ”عَمران “ ادا کرتے ہیں۔
[pullquote]الحمدُللہ :[/pullquote]
ہماری مذہبی کتاب قرآن مجید کا آغاز سورة فاتحہ سے ہوتا ہے ۔ جس کی پہلی آیت ”الحمد للہ “ ہے میں نے اکثر کو یہ الفاظ غلط لکھتے دیکھا ہے۔ حتیٰ کہ بڑے بڑے تعلیمی ادارے اپنے تشہیری بینرز پر بھی یہی لکھتے ہیں۔”الحمداللہ اس سال ادارہ کی کارکردگی“ کچھ لوگوں کو یوں بھی لکھتے دیکھا۔ الحمدو للہ، ”یعنی ”د“ کے بعد” و“ کے ساتھ تاہم اس طرح لکھنے والے کم ہیں اور درست لکھنے والے بہت کم۔ ہماری نصابی کتب میں بھی ”الحمد للہ“ ”د“ کے بعد” ا“ لگا کر غلط لکھا ہوا پایا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ اس ضمن میں قرآن مجید سے بڑا کوئی حوالہ نہیں یہ قرآن کے الفاظ ہیں ان کو درست لکھا جانا چاہیے۔”الحمدللہ رب العالمین“۔
[pullquote]دُکان:[/pullquote]
یہ لفظ بھی کثرت سے غلط لکھا جاتا ہے ۔ اس لفظ میں ”د“ کے بعد ”و“ کا استعمال اضافی اور غلط ہے ۔ دکان میں” و“ کا استعمال نہیں ہوگا۔ کوئی بھی خریدو فروخت کا مرکز ”دکان“ کہلائے گا۔ اسے ”دوکان“ کہنا یا لکھنا غلط ہے اور ہر انسان کے دو کان ہوتے ہیں۔ جب کہ جو شخص دکان پر خرید و فروخت کرتا ہے وہ ”دکان دار ”کہلاتا ہے ۔ شکیب جلالی کا شعر ہے :
ملبوس خوش نما ہیں مگر جسم کھوکھلے
چھلکے سجے ہوں جیسے پھلوں کی دکان پر
[pullquote]چیخ پکار:[/pullquote]
19، اپریل ،2019 کو روزنامہ سیاست مظفرآباد میں ایک شہ سرخی نظر سے گزری۔ ”عوامی چیخ و پکار بے کار مہنگی کتابیں“ یہاں چیخ و پکار کی ترکیب درست نہیں ۔ ہمارے بیشتر اہل علم حضرات بھی اس ترکیب کو ایسے ہی استعمال کرتے ہیں جو درست نہیں۔ درست ترکیب ”چیخ پکار“ ہوتی ہے ۔ اسی طرح ”سوچ و بچار“ بھی کثیر الاستعمال ترکیب ہے ۔ یہاں بھی ”سوچ و بچار“ کی بہ جائے ”سوچ بچار“ درست ہے ۔ اہل زباں کے ہاں یہ تراکیب” چیخ پکار“ اور” سوچ بچار“ ہی مستعمل ہیں اور ایسے ہی درست تسلیم ہوں گی۔
[pullquote]دغا دیا:[/pullquote]
ایم اے اردو کی ایک طالبہ نے سوال کیا کہ ”دغا دی جاتی ہے یا دیا جاتا ہے “۔ میں نے اپنے ناقص علم کے مطابق بتایا کہ” دغا“ مونث ہے تو دی جائے گی۔ اس پر وہ طالبہ ایک اور استاد کے پاس چلی گئی جہاں سے جواب ”مذکر“ ملا کہ دغا دیا جائے گا۔ بعد ازاں طالبہ نے مجھ سے کہا کہ سر” دغا“ مذکر ہے تو دیا جائے گا۔ چوں کہ ہمارے ہاں یہ لفظ مذکر ہی استعمال ہوتا ہے ۔ اس لیے زیادہ تر لوگ اس کو مذکر ہی سمجھتے ہیں۔ اس حوالے سے عرض ہے کہ ”دغا“ لفظ مونث ہے ۔ اَساتذہ کے ہاں یہ مونث ہی استعمال کیا گیا ہے جب کہ ہمارے مستند اردو لغات میں بھی یہ مونث ہی بتایا گیا ہے ۔ قول سے پھرنا، فریب یا دھوکا دینا، وقت پر ساتھ چھوڑ دینا کو ہم یہ کہیں گے کہ ”فلاں نے مجھے دغا دی“ استاد قمر جلالوی کا شعر دیکھیں:
میں کون ہوں؟بتادوں اوبھولنے کے عادی
تو نے جسے ستایا‘ تو نے جسے دغا دی
کچھ مزید الفاظ دیکھیے جن کے تلفظ غلط ادا کیے جاتے ہیں۔
عُنصر۔ ع پر پیش ہے۔ اکثر احباب اس لفظ کو زبر کے ساتھ عَنصر ادا کرتے ہیں۔
حَظ ۔ حَظ اٹھانا یعنی محظوظ ہونا کئی دوست اس کو ”ح“ مکسور کے ساتھ حِظ پڑھتے ہیں جو غلط ہے۔
فُلاں۔ ف پر پیش کے ساتھ یہ لفظ فُلاں ہے جس کو فَلاں ف پر زبر لگا کر غلط پڑھا جاتا ہے ۔
کِتاب۔ ”ک“ مکسور کے ساتھ لفظ کِتاب ہوتا ہے ۔ کئی اردو اَساتذہ بھی اسے ک پر زبر لگا کر کَتاب پڑھتے ہیں یدطولیٰ رکھتے ہیں۔
اب چند الفاظ دیکھیں جن کا دوسرا حرف متحرک ہے لیکن اس کو ۔ اکثریت ساکن پڑھتی ہے :
صِفَت: اس لفظ میں ”ف“ پر زبر ہے صِفَت۔جو کلمہ اسم سے کوئی خصوصیت منسوب کرے صِفَت کہلائے گا۔ حوالے کے طور پر اشعار دیکھیے:
پنڈت دیا شنکر نسیم کا شعر ہے:
پتے کی صفت بیان کیا ہو
دم بھر میں بھرے جراحتوں کو
مرزا ہادی رسوا کے مطابق:
دبکی ہوئی تھی گُر بہ صِفَت خواہشِ گناہ
چمکارنے سے پھول گئی، شعر ہوگئی
مَرَض: جسمانی، ذہنی یا روحانی بیماری مَرَض کہلاتی ہے۔ اس لفظ کو بھی ”ر“ ساکن کر کے مَرض پڑھا جاتا ہے جو غلط ہے ۔ شاد لکھنوی کے مطابق:
وصال یار سے دونا ہوا عشق
مَرَض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی
غَرَض: یہ لفظ ”ر“ ساکن کر کے ادا کرنا عام ہے ۔ یاد رہے یہ لفظ غَرض نہیں بلکہ غرَض ہوگا۔ میر کا شعر دیکھیں:
رہتا ہے غَرَض ہمیشہ سودا
کوچہ کوچہ ہوا ہوں‘ رسوا
داغ دہلوی کا شعر ہے:
بے طلب جو ملا مجھ کو
بے غَرَض جو دیا، دیا تو نے
اس سے غَرَض یہ ہے کہ ہوتا ہے جسے عموماً غرضیکہ لکھ دیا جاتا ہے ۔
شَرَف: شَرَف میں بھی ”ش“ اور ”ر“ مفتوح ہیں جو اس لفظ کو بھی غلط طور پر ”ر“ ساکن کر کے شَرف پڑھا جاتا ہے ۔ شَرَف عزت‘حرمت یا بڑائی کے لیے مستعمل ہے جس سے اسم صفت مُشرَف ، شریف ہیں۔ غالب کا شعر دیکھیں:
میں جو ہوں درپے حصول شرَف
نام عاصی کا ہے غلامِ نجَف
میرکا شعر دیکھیں:
اس کی جرات کا کس کو ہے انکار
یہ شَرَف کس میں جمع ہوئے ہیں